کراچی (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے گورنر ہاﺅس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں چودھری نثار علی خان نے اپنی اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، صوبے بالخصوص کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر عزم ظاہر کیا گیا کہ صوبے اور شہر میں قیام امن کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔ گورنر اور وفاقی وزیر داخلہ نے اتفاق کیا کہ کراچی میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے تمام سیاسی اکائیوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا جس کے صوبے اور شہر پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ دہشت گرد کا کوئی دین ، مذہب نہیں ہوتا ہے یہ مخصوص ذہنیت کے تحت ملک اور صوبے میں تخریبی کارروائیاں کرکے معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں ان دہشت گردوں کو مل کر ہی شکست دی جاسکتی ہے ۔
نثار نے نواز شریف کی جانب سے الطاف کی خیریت دریافت کی نیک خواہشات کا اظہار
Jul 23, 2013