باجوڑایجنسی ( آئی این پی) باجوڑایجنسی کے سلارزئی قبائل نے پاکستان افغان سرحد سے متصلہ علاقوں میں دہشت گردوں اور مشتبہ افراد کے خلاف سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے اور ایجنسی کے سرحدی علاقوں میں افغانستان کے اُس پار سے دہشت گردوں کی دخل اندازی روکنے کیلئے ہزاروں افراد پر مشتمل گرینڈ قومی لشکر تشکیل دینے اور اپنے علاقوں کی سطح پر امن کمیٹیاں مزید فغال بنانے کا اعلان کردیا، یہ اعلان سلارزئی قبائل کے لرسدین، برسدین، لرآمدک، برآمدک کے قبائلی عمائدین، زعماء اور امن کمیٹیوں کے چیدہ رہنماوں نے یہاں مشترکہ گرینڈ جرگہ میں کیا۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈئیر حیدر، پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ ایجنسی عبدالجبار، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ خا رسہیل احمد، سرکاری حکام اوردیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگہ میں باہمی اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا سلارزئی قبائل ایجنسی میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔ جرگہ نے ہزاروں رضاکاروں پر مشتمل گرینڈ قومی لشکر تشکیل دینے کا اعلان کیا جو چینار، بانڈہ، درہ اور ملاسید میں عسکریت پسندوں اور مشتبہ افراد کے خلاف قبائلی روایات کے تحت کاروائی کریں گے۔ جرگہ میں یہ بھی طے پا یا کہ گرینڈ قومی لشکر کے رضاکار سرحدی علاقوں میں چوکیاں قائم کریں گے اور وہاں پر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ مشکوک افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں گے۔ جرگہ نے مشتبہ، مشکوک اور سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث کسی شخص کو اپنے علاقہ میں پناہ نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا جو بھی مقامی مشکوک شخص کو اپنے گھر میں پناہ دینے میں ملوث پا یا گیا تواس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور ان کے مکانات کو نذراتش کیا جائے گا اور انہیں خاندان سمیت علاقہ بدر کیا جائے گا۔جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر نارتھ اور باجوڑ ایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ نے کہا سلارزی قبائل کی حکومتی عملداری اور امن کی بحالی کے لیے قربانیاں قابل تحسین ہیں۔
سلارزئی قبائل کا افغانستان سے دہشت گردوں کی آمد روکنے کیلئے لشکر بنانے کا اعلان
Jul 23, 2014