چوتھے ون ڈے میں فتح، پاکستان نے 9 سال بعد سری لنکا میں سیریز جیت لی: چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی راہ ہموار

کولمبو+لاہور (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ+سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار خصوصی)پاکستانی شاہینوں نے لنکن ٹائیگرز کو بلی بنا دیا، چوتھے ایک روزہ میچ میںسری لنکا کو 7وکٹوں سے شکست دے کر 9سال بعد لنکن سر زمین پر سیریز جیت لی۔ فتح کے بعد پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ پاکستان نے احمد شہزاد اور محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی کی بدولت مقررہ ہدف 40.5اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پاکستا ن کی جانب سے احمد شہزاد 95، محمد حفیظ 70، اظہر علی 33 اور شعیب ملک 29رنز بنا کر نمایا ں بلے باز رہے۔ قبل ازیں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 256رنز سکور کئے، سری لنکا کی جانب سے تھریمانے 90، تلکارتنے دلشان 50 اور دنیش چندیمل 20رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 3 انور علی نے 2 یاسر شاہ، راحت علی اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ احمد شہزاد کو میچ میں 95رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پر یماداسا سٹیڈیم کولمبو میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز نے ٹا س جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 256 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے تھریمانے 90، تلکارتنے دلشان 50 اور دنیش چندیمل 20رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے تاہم دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی20 سے زائد رنز نہ بنا سکا۔ اوپنر پریرا پہلے ہی اوور میں کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 3 انور علی نے 2 یاسر شاہ، راحت علی اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 257رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 75رنز کا اوپننگ سٹینڈ مہیا کیا، 75رنز کے مجموعی سکور پراظہر علی 33رنز بنا کر لیستھ ملنگا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، نئے آنے والے بیٹسمین محمد حفیظ نے احمد شہزاد کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کیلئے 115رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور 190رنز تک پہنچا دیا، 190رنز کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد 95رنز بنا کر لکمل کی گیند پرکیچ آئوٹ ہو گئے، 213رنز کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ 70رنز بنا کر سری وردنے کی گیند پر چندیمل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔پاکستان نے مقررہ ہدف 40.5اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، سرفراز احمد17اور شعیب ملک 29رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 26جولائی کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے میچ میں ہرا کر نہ صرف سیریز اپنے نام کر لی بلکہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھی راہ ہموار کر لی۔ گذشتہ روز کی جیت سے پاکستان کے 90 پوائنٹس ہو گئے اور پاکستان آٹھویں پوزیشن پر آ گیا۔ پاکستان کی جیت سے ویسٹ انڈیز 2 پوائنٹس پیچھے چلا گیا اور چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گیا۔ اگلا ون ڈے میچ جیتنے پر پاکستان کے پوائنٹس 92 ہو جائیں گے۔ آئی سی سی رولز کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں ہی حصہ لے سکتی ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف ‘وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف‘‘امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق‘سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ‘پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے قومی کی ٹیم کی سری لنکا کے خلاف اس کی سر زمین پر 9 سال بعد ون ڈے سیریز جیتنے پر کپتان اظہر علی سمیت کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ میں ہیڈ کوچ وقار یونس، منیجر نوید اکرم چیمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے ٹیم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے کھیل کے تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف سیریز جیتی ہے بلکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں رسائی کے امکانات کو بھی روشن کر دیا ہے۔ کپتان اظہر علی سمیت تمام کھلاڑی اور مینجمنٹ اس کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے قومی کرکٹ ٹیم کی سیری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں تاریخی کامیابی پر کپتان سمیت تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ قومی شاہینوں نے سری لنکا کی سر زمین پر کامیابی حاصل کر کے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں ان کہنا تھا کہ امید ہے کہ مستقبل میں بھی ہماری ٹیم قوم کو ایسی ہزاروں خوشیاں فراہم کرتی رہے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان، کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے کرکٹرز نے چوتھے ون ڈے میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...