وزیر اعلیٰ نے دورہ برطانیہ مختصر کردیا، آج واپس آئیں گے: سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: شہباز شریف

Jul 23, 2015

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ میں اپنا طبی معائنہ موخر کر دیا اور اپنا دورہ مختصر کر کے وطن واپس آ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے ابھی مزید ٹیسٹ ہونا باقی تھے تاہم انہوں نے جنوبی پنجاب کے بعض اضلاع میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ وطن واپس آتے ہی جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف لندن میں بھی صوبے میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کو نہ صرف لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف لندن سے اسلام آباد پہنچتے ہی اسلام آباد ائر پورٹ سے سیدھے ڈیرہ غازی خان جائیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ دیہات میں جنگی بنیادوں پر ریلیف کے کام شروع کر دئیے ہیں اور پنجاب حکومت سیلاب متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی اور ان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ، متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں کے اداروں کو ریلیف کے کام تیز کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام عمل کی میں خود نگرانی کررہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے لندن سے جنوبی پنجاب کے بعض اضلاع کے دیہات میں سیلاب سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال اور ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور سیلاب متاثرین کو امدادی کیمپس میں ہر طرح کا ریلیف فراہم کیا جائے۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کے کھانے پینے اور دیگر ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ دریائوں میں پانی کے بہائو کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ منتخب نمائندے اور انتظامی افسران متاثرین کی خدمت اور ریلیف کے کاموں میں دن رات ایک کر دیں۔ امدادی سرگرمیوں میں کوتاہی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں، مشکل کی گھڑی میں سیلاب متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے دن رات کام کرنے والے منتخب نمائندوں اور انتظامی افسران و عملہ کی بھرپور ستائش کی جائے گی جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی پر سخت بازپرس ہوگی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو گزشتہ برسوں کی طرح اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرنا ہوگی۔ لہٰذا ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ادارے چوکس رہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں گزشتہ 6 روز کے دوران بعض نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے جامع تحقیقات کرکے نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے اور غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے پشتو زبان کے نامور شاعر، ادیب و محقق ڈاکٹر راج ولی شاہ خٹک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں