لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کو مصیبت میں چھوڑ کر ملک سے باہر بھاگ جانا لاپرواہی کی بدترین مثال ہے، موبائل فون اور پیغامات کے ذریعے ملک نہیں چلائے جاتے، شہبازشریف آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پنجاب کو ایک مثال بنائیں اور دھاندلی کے تمام راستے بند کر کے شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں، حکمران اپنی نااہلی کی وجہ سے نئے ڈیم بنانے میں تساہل سے کام لے رہے ہیں، ہم اقتدار میں آ کر 100نئے ڈیم بنائیں گے، سمندر پار پاکستانی ملک کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں، سفارت خانے بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہیں اور لوگوں کو ان سفارتخانوں سے سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملتا، سعودی عرب میں مقیم 22 لاکھ پاکستانیوں کو فوری طور پر ووٹ کا حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کا انتظام کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے 18 روزہ دورہ سے واپسی پر علامہ اقبال ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر 100نئے ڈیم بنائے گی تاکہ ملک کو پانی اور بجلی کے بحرانوں سے نجات دلائی جاسکے اور ہر سال آنے والے تباہ کن سیلاب پر قابو پایا جاسکے۔ قوم بھاشا ڈیم پر متفق ہے، اس پر جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔ حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے چترال سمیت پورا ملک سیلاب کی تباہ کاریوں کی زد میں ہے لاکھوں ایکڑپر کھڑی فصلیں تباہ اور سینکڑوں بستیاں پانی میں گھری ہوئی ہیں مگر حکومت کی طرف سے سیلاب کی روک تھام کے لیے نہ تو کوئی پیشگی انتظامات کیے گئے اور نہ ہی ڈوبتے لوگوں کو بچانے کے لیے کوئی عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ حکمران لاپرواہی اور خود غرضی کی تمام حدیں پھلانگ چکے ہیں۔