لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ امام صحافت اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامی کی پہلی برسی کے موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے تقریبات کا جامع پروگرام وضع کیا ہے۔ یاد رہے کہ وہ گزشتہ سال 26 جولائی کو رمضان المبارک کی ستائیسویں شب انتقال کر گئے تھے۔ تقریبات کا آغاز ہفتہ 25 جولائی 2015ء کو صبح دس بجے ڈاکٹر مجید نظامی کی حیات و خدمات پر مبنی تصویری نمائش سے ہو گا۔ یہ نمائش ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں منعقد ہو گی اور 28جولائی تک جاری رہے گی۔ سابق صدر مملکت اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ اس نمائش کا افتتاح کریں گے۔ 10:30 بجے ان کی زیر صدارت وائیں ہال میں ایک خصوصی نشست ہو گی جس میں ڈاکٹر مجید نظامی کے دیرینہ رفقاء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اہل علم و فضل ان کی قومی‘ ملی اور صحافتی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔ اتوار 26 جولائی کو 9:00 بجے صبح نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیدار، کارکن اور ڈاکٹر مجید نظامی سے عقیدت رکھنے والے خواتین و حضرات قبرستان میانی صاحب میں ان کے مزار پر حاضری دیں گے، فاتحہ خوانی کریں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔ صبح 10:00 بجے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں محفل قرآن خوانی ہو گی اور 11:30 بجے ختم شریف ہو گا اور آبروئے صحافت کے بلندیٔ درجات کے لئے دعا کی جائے گی۔ بعد ازاں حاضرین کی خدمت میں لنگر پیش کیا جائے گا۔27 جولائی سوموار کو صبح 10:00 بجے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں طلبا و طالبات کے مابین محترم مجید نظامی کے قول ’’تکمیل پاکستان کا ہدف… مقبوضہ کشمیر کی آزادی‘‘ کے عنوان کے تحت انعامی تقریری مقابلہ ہو گا جس میں لاہور کے معروف تعلیمی اداروں کے مقرر طلبہ حصہ لیں گے۔ منگل 28 جولائی کو کالجوں کے طلبا و طالبات کے مابین انعامی تقریری مقابلہ بعنوان ’’ڈاکٹر مجید نظامی… حق گوئی و بے باکی کی علامت‘‘ ہو گا۔ ان مقابلوں کے انعقاد کا مقصد نسل نو کو ارض پاک کے اس نابغۂ روزگار اور بطل جلیل کی حیات و خدمات سے روشناس کرانا ہے۔