اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان جن لوگوں کی باتیں مانتے ہیں ان کا کوئی مستقبل نہیں اور ایسے لوگوں نے عمران خان کا سیاسی مستقبل تاریک کر دیا ہے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ تین، چار جرنیلوں نے عمران خان کو استعمال کر کے پھینک دیا، عمران خان پورے نظام کو اڑانا چاہتے تھے، اپنی سیٹ کی قربانی دے کر نظام بچا لیا۔ تحریک انصاف کی مشکلات ان کی اپنی پیدا کردہ ہیں۔ پہلے ہی کہا تھا تحریک انصاف کو عمران خان نے بنایا ہے وہی اسے ختم کریں گے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اب ملک میں کبھی مارشل لاء نہیں لگ سکے گا، اب وہ باب بند ہو چکا ہے۔ جو یہ سمجھتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے آئیں گے اور اپنے آپ کو برقرار رکھیں گے ایسا نہیں ہو گا۔ وہ قوم کو مبارکباد دیتے ہیں کہ آج سے انتخابی تاریخ بدل گئی، پاکستان کا مقدر جمہوریت ہے۔ اگر کوئی اس سے کھلواڑ کرے گا تو وہ ناکام ہو گا۔