کشمیریوں کے قتل عام پر مودی کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے: ہائیکورٹ میں درخواست

لاہور(وقائع نگار خصوصی)مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام کرنے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ لاہور ہائی کورٹ میں مقامی وکیل رانا عبد الحمید خان دائر کی طرف سے دائر کردہ پٹیشن میں حکومت پنجاب‘ آئی جی پولیس سی سی پی او لاہور اور ایس ایچ او پرانی انارکلی کو فریق بنایا گیا ہے۔پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھاتے ہوئے ان کا قتل عام کررہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، وہاں کے عوام بھی پاکستان کے شہری ہیں۔ نریندر مودی کی یہ کارروائی جنگی جرائم کی زد میں آتی ہے ،ان کا یہ اقدام بین الاقوامی معاہدوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔رانا عبد الحمید نے درخواست میں کہا کہ نریندر مودی ایک بین الاقوامی دہشت گرد ہے، اس کی تاریخ سنگین جرائم سے بھری پڑی ہے۔عدالت نریندر مودی کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور ٹرائل کرکے سزا دینے کا حکم جاری کرے۔درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

ای پیپر دی نیشن