پشاور (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف طبل جنگ بجا دیا، ناراض ارکان نے تمام مسائل پر پارٹی چیئرمین عمران خان سے براہ راست مداخلت کا مطالبہ کر دیا جبکہ موقف اختیار کیا ہے کہ اب عمران خان کے علاوہ کسی تیسرے شخص کی یقین دہانی یا گارنٹی نہیں مانیں گے، اگر تمام مسائل سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے پرویز خٹک کی حمایت کی تو تمام اضلاع میں ورکرز کنونشن منعقد کر کے پارٹی ورکرز کو اصل صورتحال سے آگاہ کیا جائیگا۔ تحریک انصاف کے ناراض ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو رکن صوبائی اسمبلی یاسین خلیل کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں ناراض ارکان قومی اسمبلی جنید اکبر،داور کنڈی،کرنل(ر) امیر اللہ مروت،ساجد نواز ،خیال زمان اور ارکان صوبائی اسمبلی یاسین خلیل، مشیر وزیر اعلیٰ شکیل خان، بابر سلیم، جمشید مہمند اور قربان علی خان نے شرکت کی جبکہ کوہستان سے وزیر اعلیٰ کے مشیر اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالحق ناسازی طبیعت کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔ اجلاس کے شرکاءکے مطابق دو خواتین ارکان کو بھی اجلاس میں شرکت سے اسلئے روک دیا گیا تھا کہ کہیں وزیر اعلیٰ ان کیلئے مشکلات نہ کھڑی کرد یں، شرکاءکے مطابق اسیر رکن صوبائی اسمبلی ضیاءاللہ آفریدی بھی ان کیساتھ ہیں تاہم وہ گرفتار ہونے کے باعث اجلاس میں نہیں آ سکے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ احتساب کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔