جرمنی کے شاپنگ سنٹر میں فائرنگ‘ 9 ہلاک

Jul 23, 2016

میونخ (جرمنی) (نوائے وقت رپورٹ + اے ایف پی + رائٹر) جرمنی کے شہر میونخ کے معروف اولمپیا (OEZ) شاپنگ سنٹر میں فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔ جرمن پولیس کے مطابق مرنے والوں کی تعداد9 ہے جبکہ ایک جرمن اخبار (MUENCHER ABEND ZEITUNG) کے مطابق مرنے والوں کی تعداد 15 ہے۔ پولیس کے مطابق ممکنہ حملہ آور فرار ہو گئے۔ جس مقام پر یہ فائرنگ کی گئی وہ اولمپک سٹیڈیم کے قریب واقع ہے۔ اس واقعہ کے بعد بیلجیئم اور فرانس میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ برطانوی شہریوں کو علاقے میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جرمن پولیس کے مطابق ایک سے زائد حملہ آوروں نے شاپنگ سنٹر اور میٹرو سٹیشن سمیت 3 مقامات پر فائرنگ کی، یہ شاپنگ مال اس اولمپک سٹیڈیم کے قریب ہے جہاں فلسطینیوں نے متعدد اسرائیلی فوجیوں کو یرغمال بنا لیا تھا اور کئی یہودی ہلاک کر دیئے تھے۔ دی بلڈ نیوز کے مطابق ایک مسلح شخص اولمپک سٹیشن کے نزدیک شاپنگ مال میں سے دوڑتا ہوا گزرا اور اس نے قریبی میٹرو سٹیشن کی جانب جاتے ہوئے متعدد افراد پر فائرنگ کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مشتبہ طور پر یہ دہشت گردی کا حملہ ہے۔ پولیس نے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا ہے۔ ایمرجنسی گاڑیاں فوراً جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا آغاز فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ (میکڈونلڈز) سے ہوا۔ پولیس حکام نے جرمن شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ شاپنگ مال اور قریبی سب وے سٹیشن نہ جائیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے شاپنگ مال کے نیچے کیفے اور سب وے سٹیشن پر بھی فائرنگ کی۔ پولیس نے شاپنگ مال خالی کرا لیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ شبہ ہے کہ فائرنگ 3 افراد نے کی ہے۔ شاپنگ سنٹر کے ملازمین نے محفوظ مقامات پر پناہ لے لی۔ پولیس نے واقعے کے بعد شاپنگ مال کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تاحال کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ بویرین نشریاتی ادارے بی آر نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ یہ واقعہ شہر کے موزاخ نامی علاقے کے اولمپیا شاپنگ سینٹر میں پیش آیا۔ ایک شخص نے میونخ کے مشہور اولمپیا شاپنگ مال میں داخل ہوکر فائرنگ کی جس سے ہر طرف افراتفری پھیل گئی، بھگدڑ میں بھی کئی افراد زخمی ہو گئے۔ جب فائرنگ کی گئی شاپنگ مال میں خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ میونخ پولیس کی جانب سے ٹوئیٹر پر پیغام میں واقعے کی تصدیق کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور تین تھے۔ شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق شاپنگ سنٹر میں تین مسلح افراد تھے۔ ٹرین سٹیشن بند کر دیئے گئے ہیں۔ واقعہ کے بعد شہر میں فوج طلب کر لی گئی اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ لوگوں کو گھروں میں رہنے کیی ہدایت کی گئی ہے۔ نیشنل ریلوے سروس کی ترجمان نے کہا ہے کہ میونخ کا بڑا ٹرین سٹیشن خالی کرا لیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس کی ہدایت پر شہر میں بس، میٹرو اور سٹریٹ کار سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔ امریکی صد اوباما نے جرمنی کو اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اجلاس میں اوباما نے کہا کہ انہیں میونخ کے اس ’’ڈراما‘‘ کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہماری تمام تر ہمدردیاں زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان الزبتھ ٹروڈو نے کہا کہ امریکی اہلکار یہ دیکھ رہے کہ آیا متاثرین میں کوئی امریکی تو نہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا مسلمان ہونے کا اشارہ نہیں ملا۔ ڈیلی میل نے بتایا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے غیرملکیوں کو گالی دیتے ہوئے نعرہ لگایا کہ وہ جرمن ہے۔ پولیس کے مطابق ایک حملہ آور نے خود کو گولی مار لی۔

مزیدخبریں