عمران کی دھرنا سیاست دریائے نیلم میں بہہ گئی: ساجد میر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عمران خاں کی دھرنا سیاست دریائے نیلم میں بہہ گئی، یہ وقت پاکستان کو بنانے کا ہے، ملک کسی بھی منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ منفی سیاست کرنے والے دراصل جمہوریت اور ملک کی ترقی کے درپے ہیں۔ حکمرانوں کے احتساب کے لئے سب سے بڑی طاقت عوام کی ہوتی ہے۔ باشعور عوام سیاسی لحاظ سے اپنے اچھے اور برے کی تمیز جانتے ہیں اور وہ کسی قیمت پر نعروں اور وعدوں کی سیاست پر اعتبار نہیں کریں گے۔ دھرنے، احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنے والے ملک اور عوام کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنے والے ملک اور قوم پر رحم کھائیں ملکی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے اپنے طرز سیاست پر نظر ثانی کریں۔ ساجد میر نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر وزیر اعظم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیرکی جدوجہد آزاد ی کی جس طرح حمایت کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔
ساجد میر

ای پیپر دی نیشن