چکوٹھی (آئی این پی) آزاد کشمیر سے مقبوضہ کشمیر جانے والے کپڑے کے ٹرک سے اربوں روپے مالیت کی 66.5 کلو ہیروئن برآمد کر نے کا بھارتی دعویٰ، 65 سالہ آزاد کشمیر کا ٹرک ڈرائیور مقبوضہ کشمیر میں گرفتار، ٹرک ضبط کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر سے ایک ٹرک نمبر ایکس اے 267جسے محمد یوسف شاہ ساکنہ چروا مظفرآبادچلا رہا تھا اور اسے مظفرآباد لوئر چھتر کے رہائشی تاجر انجم زمان اعوان نے مقبوضہ کشمیر میں تجمل مسعودی نامی تاجر کے پاس بھیجا تھا جب وہ اوڑی سلام آباد کے ٹریڈ سینٹر پر پہنچا تو بھارت نے دعوی کیا کہ اس ٹرک میں موجود کپڑوں کے ڈبوں میں چھپائی گئی اربوں روپے مالیت کی 66.5 کلوگرام ہیروئن برآمد کی ہے جس کے بعد تھانہ اوڑی میں 65 سالہ محمد یوسف شاہ کے خلاف مقدمہ درج کر نے کے بعد اسے حوالات میں بند کر دیا گیا جبکہ ٹرک ضبط کر لیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد بھارت نے آزاد کشمیر سے گئے ہوئے دیگر خالی ٹرکوں کو جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ایک بجے تک روکے رکھا جس کے بعد دونوں اطراف کے پھنسے ہوئے دیگر 41 خالی ٹرکوں نے تقریباً رات ایک اور دو کے درمیان لائن آف کنٹرول کو کراس کیا۔ اس موقع پر آر پار کے ٹریڈ آفیسران کے درمیان ایل او سی کو ملانے والے امن برج پر میٹنگ ہوئی جس میں بھارتی حکام نے کپڑے کے تین خالی ڈبے آزاد کشمیر حکام کے حوالہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ڈبوں سے منشیات کو برآمد کیا گیا، باقی شواہد پیر کے روز آزاد کشمیر حکام کے حوالے کئے جائیں گے۔ دریں اثناء ٹی ایف او چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ میجر(ر) طاہر کاظمی نے بتایا کہ بھارت کے دعوے کے بعد اس معاملہ کی تحقیقات کے لئے تھانہ پولیس چناری کو درخواست دے دی گئی۔
ٹرک ڈرائیور