مطالبات کی منظوری کیلئے ٹرین ڈرائیورز کا آج، آئل ٹینکرز کا کل ہڑتال کا اعلان

Jul 23, 2017

لاہور (این این آئی) مطالبات کی منظوری کیلئے ٹرین ڈرائیورز نے آج اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے کل سے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ٹرین ڈرائیورز نے برطرف ملازمین کی بحالی اور تنخواہوں میں اضافے کیلئے آج سے ملک بھر میں ریل گاڑی کا پہیہ جام کر کے ہڑتال کا اعلان کردیا۔ ڈرائیور ایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک کوئی ٹرین نہیں چلے گی جبکہ جوائنٹ سیکرٹری انجم صغیر نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 138 میں سے 128 ڈرائیور نے چھٹی کی درخواستیں دیدیں۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے کل سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوگرا کے سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کرنا ناممکن ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شمس شاہوانی نے کہا کہ اوگرا کے قوانین پر عملدرآمد کرانے کی آڑ میں موٹروے اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹینکرز مالکان کو تنگ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوںسے انہی گاڑیوں سے تیل کی رسد جاری تھی لیکن کسی کو خیال نہ آیا، اب اگر اوگرا کے تحت سیفٹی کے اقدامات کئے جائیں تو فی گاڑی 10 لاکھ روپے خرچ آ رہا ہے۔ ملک بھر میں 85 ہزار ٹینکرز کے ذریعے تیل سپلائی کیا جاتا ہے، حکومت کی پالیسیوں سے مجبور ہو کر ٹرانسپورٹرز نے غیرمعینہ مدت کے لئے ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔
ہڑتال

مزیدخبریں