پانامہ کرپشن کیس کے بعد سب سیاستدانوں کو لوٹی ہوئی دولت خود بخود قومی خزانے میں جمع کروا دینی چاہئے‘ جے سالک

اسلام آباد(خبر نگار)کنوینئر ورلڈ مینارٹیز الائینس اورآرگنائزر عوامی مسیحا پارٹی جے سالک نے کہا ہے کہ پانامہ کرپشن کیس کے بعد سب سیاستدانوں کو لوٹی ہوئی دولت خود بخود قومی خزانے میں جمع کروا دینی چاہیے کیوں کہ ہم اپنے ملک کی مزید بدنامی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرحایک مچھلی سارے تالاب کو گندا کرتی ہے اسی طرح یہ کیس سب سیاستدانوں کے لئے باعث شرم ہے کہ پہلے ہم ملک کو لوٹ کر اپنے خزانے بھرتے ہیں اور بعد میں اس کرپشن کو چھپانے کے لئے بھی ملکی خزانے کو بے دریغ استعمال کرتے ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم پاکستان کو مزید برباد یا بدنام کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ خلفاءراشدین کی مثالیں ہم سب کے سامنے ہیں ، انہوں نے خود بھوکا رہ کر اپنے لوگوں کا خیال رکھا، کسی نے دولت جمع نہیں کی، ایک ایک چادر کے بدلے بھی خود احتساب کے لئے پیش کیا اور دوسروں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ یہاں لوگ بھوک کے باعث (خاندان کے خاندان)خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں اور کسی کے سر پر جوںتک نہیں رینگتی کیوں کہ ہم تو خودلوٹ مار میں مصروف ہیں لیکن دور خلافت میں ایک کتے کو بھی بھوک سے مرنے کے لئے نہ چھوڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ خلیفہ کبھی دولت مند ہوہی نہیںسکتا۔ جے سالک نے مشورہ دیا ہے کہ اس کرپشن کیس سے عبرت حاصل کریں اور اپنے قبلے درست کر لیں۔

ای پیپر دی نیشن