اجمل قصاب کا پتہ نوازشریف نے بھارت کو دیا‘ شیخ ر شید

Jul 23, 2018

راولپنڈی (سلطان سکندر) عوامی مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی کے امیدوار شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں عمران خان کیساتھ مل کر حکومت بناؤں گا اور یہ ثابت کروں گا یہ غریبوں کی حکومت ہے۔عالمی قوت پاکستان کی فوج کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔عراق اور لیبیا میں بھی پہلے فوجوں کو تباہ کیا گیا۔بھارت کو اجمل قصاب کا پتہ نوازشریف نے دیا تھا وہ مجھ پر مقدمہ چلائیں میں ثابت کروں گا۔ عالمی طاقتیں بھی وہی کر رہی ہیں جو نوازشریف کر رہا ہے ہم نے اس شہر میں پرامن طور پر انتخابی مہم چلائی دو مرتبہ میرے جلسوں میں گولی چلائی گئی لیکن ہمارا ایمان ہے کہ جو رات قبر میں ہے وہ باہر نہیں۔ موت ہماری حفاظت کرتی ہے۔ جو کہتے تھے شیخ رشید اسمبلی میں نہیں آئے وہ چور اور ڈاکو یہاں ہیں۔ شیخ رشید اسمبلی میں آرہا ہے۔ میں نے راولپنڈی میں میڈیکل کالج اور 60تعلیمی ادارے بنائے زچہ بچہ ہسپتال پر کام شروع کرانے پر چیف جسٹس کا مشکور ہوں۔دنیا میں کہیں بھی موت کے سوا الیکشن نہیں روکا جاتا۔این اے 60 میں الیکشن روکنے کے خلاف ہمارے وکلاء ہائیکورٹ جارہے ہیں۔ جلسہ کے تمام شرکاء کل ہماری انتخابی مہم کے اختتام پر کمرشل مارکیٹ میں جمع ہوں وہ اتوار کی رات پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کے زیراہتمام لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد صوبائی اسمبلی کے امیدواروں چودھری محمد عدنان‘ راجہ راشد حفیظ کے علاوہ سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ رات 9 بجے موسلادھار بارش شروع ہو جانے سے لیاقت باغ میں جل تھل کی کیفیت ہو گئی۔ پنڈال میں پانی بھر گیا اور جلسہ میں شرکت کے لئے آنے والوں کو لیاقت باغ سے باہر جا کر میٹرو سٹیشن‘ قریبی ہوٹلوں وغیرہ میں پناہ لینا پڑی۔ تاہم 11 بجے بارش ختم ہوتے ہی شیخ رشید‘ سردار عتیق کے ہمراہ جلوس کی شکل میں لیاقت باغ پہنچ گئے۔ شیخ رشید نے خود مائیک سنبھال کر لوگوں سے جلسہ گاہ میں آنے کی اپیل کی۔ بارش تھم جانے کی وجہ سے لوگ جوق در جوق جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ پنڈال کی کرسیاں بھر گئیں اس طرح گزشتہ سال 13 اگست کو اسی طرح کی موسلادھار بارش میں لیاقت باغ میں عمران خان اور شیخ رشید کے خطاب کی یاد تازہ ہو گئی۔ عمران خان موسم کی خرابی کی وجہ سے کراچی سے نہیں پہنچ سکے۔ سابق ناظم راول ٹاؤن شیخ راشد شفیق بارش کے دوران مسلسل پنڈال میں موجود رہے اور کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا یہ الیکشن مودی کے یاروں اور پاکستان کے وفاداروں کے درمیان ہے۔ نواز شریف نے کشمیریوں کے خون کا سودا کیا اور ملک میں پانی کا بحران بھی بھارتی آبی جارحیت کی وجہ سے ہوا۔ ہمیں آبی ذخائر کے اضافہ کے لئے چیف جسٹس کی کال پر اتنے عطیات دینے چاہئیں کہ کالا باغ ڈیم سمیت دیگر ڈیم تعمیر ہو سکیں۔ پاک فوج پاکستان کیساتھ ساتھ کشمیریوں کی بھی فوج ہے۔ جس کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
راولپنڈی نوائے وقت رپورٹ) لیاقت باغ میں تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے مشترکہ انتخابی جلسہ عام میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ سی پی او نے پانچ بجے جلسہ گاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ لیاقت روڈ پر دن کو ہی کنٹینر لگا کر ٹریفک بند ک دی گئی تھی اور ملحقہ ہوٹلوں کے سامنے قناتیں لگا دی گئی تھیں۔ پنڈال کے اگلے حصے میں پارٹیشن کے لئے خاردار تاریں لگائی گئی تھیں جبکہ شرکاء کے لئے بچھائی گئی کرسیوں کے عقبی حصے میں خواتین کا انکلوژر بنایا گیا تھا۔لیاقت باغ کی چاردیواری‘ قائدین اور امیدواران اسمبلی کے پینا فلیکس اور بینرز سے اٹی پڑی تھی۔ سٹیج کے پیچھے عمران خان کی تصویر کے ساتھ ’’دو نہیں ایک پاکستان‘‘ اب صرف عمران خان‘‘ اور شیخ رشید احمد کی تصویر کے ساتھ ’’مجاہد ختم نبوت‘‘ اور دونوں کے انتخابی نشان دیئے گئے تھے جبکہ سٹیج کے ساتھ بڑے پینا فلیکس پر عمران خان اور شیخ رشید کے علاوہ قومی و صوبائی امیدواروں عامر محمود کیانی‘ غلام سرور خان‘ صداقت علی عباسی‘ چودھری محمد عظیم‘ عمر تنویر بٹ‘ چودھری محمد عدنان‘ حاجی امجد محمود‘ واثق قیوم‘ محمد بشارت راجہ‘ راجہ راشد حفیظ‘ فیاض الحسن چوہان اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر شہریار ریاض کی تصاویر نمایاں تھیں۔ اس طرح پنڈال میں عوامی مسلم لیگ کے شیخ راشد شفیق کی تصاویر پر مشتمل ہورڈنگز لگے ہوئے تھے۔

مزیدخبریں