سری نگر(اے این این +کے پی آئی) قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں فائرنگ کر کے 3 نوجوانوں کو شہید کردیا ہے،بھارتی فوج کی گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین و بچوںپر وحشیانہ تشدد،گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑکی ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ شب سرچ آپریشن کے نام پر بھارتی فوج نے ضلع کولگام کے علاقے قدوانی میں تین نوجوان کشمیریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔وادی میں میں نوجوانوں کی شہادت کے خلاف عوام سراپا احتجاج، کاروباری مراکز اور تجارتی ادارے بند،کئی علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل رہی ۔فوج نے نوجوانوں کی شہادت کے بعد کشیدگی کے پیش نظر علاقے کا مکمل محاصرہ کرلیا ۔دوسری جانب حریت پسند رہنماﺅں یسین ملک، میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا بھارتی فوج نے ماورائے عدالت قتل کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ نوجوانوں کو اہل خانہ کے سامنے گرفتار کر کے لے جایا جاتا ہے اور بعد ازاں جعلی مقابلے میں شہید کردیا جاتا ہے۔ بھارتی فوج جھوٹے بیانات سے دنیا کی آنکھ میں دھول نہیں جھونک سکتے۔مقبوضہ کشمیر کے کولگام ضلع میں اتوار کی صبح قابض بھارتی سیکورٹی فورسز اور مجاہدین کے درمیان ایک خونریزجھڑپ میں تین مجاہدین شہید ہوگئے۔پولیس کے سینئر افسر کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے کلگام ضلع کے کھڈوانی علاقہ کا صبح سویرے پانچ بجے محاصرہ کیا اور تلاشی اپریشن شروع کردیا اس دوران مجاہدین اور قابض بھارتی فورسز کے درمیان جھرپ شروع ہوئی،بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس جھڑپ میں تین مجاہدین شہید ہوگئے جن کا تعلق لشکر طیبہ سے بتایا گیا اور ان کی شناخت ابومعاویہ ، مدثراحمد بٹ اور سہیل ا حمد ڈار ہوئی ہے پولیس کے مطابق ابو معاویہ پاکستان کا رہنے والاتھا جبکہ مدثراحمد بٹ کاترسو اورسہیل ا حمد ڈار رڈونی کولگام کا رہنے والا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق بھارتی فوج نے دوران اپریشن دو مکانوں کو بھی بارود سے تباہ کردیا ۔جن میں ایک مکان شہید ہونے والے ایک مجاہد کا تھا،ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس پی وید نے کہا کہ تینوں عسکریت پسندوں کی لاشیں برآمد کی گئیں ہیں انہوں نے دعوی کیا کہ یہ عسکریت پسند پولیس کانسٹیبل محمد سلیم کے اغوا اور قتل میں ملوث تھے۔علاقے میں سخت کشیدگی ہے لوگوں نے گھروں سے باہر آکر مظاہرے کئے ،اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے ،علاقے میں تمام کاروباری مراکز بندہوگئے جبکہ ٹریفک معطل ہوگئی انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی علاوہ ازیںجنوبی ضلع اننت ناگ کے بمزو علاقے میں عسکریت پسندوں نے پیرا ملٹری فورسز کی گشتی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے ۔حاجن علاقے میں جنگجوﺅں کی نقل و حرکت پر قد غن لگانے کی غرض سے فورسز کے دو نئے کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔محکمہ سماجی بہبود کے آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ کے تحت تعینات آنگن واڑی ورکر اور ہیلپر کی اپنے مطالبات کو لے کر کام چھوڑ ہڑتال جاری رہی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) نے پیپلزڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) صدر محبوبہ مفتی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ الزام تراشیوں کے بجائے اپنا گھر درست کریں۔
کشمیر