لاہور/ سیہون شریف (خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا دہشت گردوں کی طرف سے انتخابی امیدواران پر حملے سازش ہے۔ شہید اکرام گنڈاپور کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے انتہاپسندی کو ختم کرنا پڑے گا۔علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر سوگ منانے کے لئے خیبر پی کے میں ہونے والی تمام سیاسی سرگرمیوں کو دعائیہ تقریبات میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔سیہون شریف میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں کو میں نے ٹکٹ جاری کئے ہیں، میں امیدواروں کی ذمہ داری اٹھا رہا ہوں، ان سے کام لوں گا۔ پیپلز پارٹی کے تمام امیدوار عوام کے معیار پر پورا اتریں گے۔ دادو میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ میری پہلی انتخابی مہم ہے، گالی گلوچ نہیں اصولوں اور نظریات کی سیاست کر رہا ہوں۔ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر کی طرح عوام دوست منشور لایا ہوں۔ ہمارے منشور میں بھوک مٹاﺅ پروگرام شامل ہے۔ بھوک مٹاﺅ پروگرام کے ذریعے غذائی قلت ختم کریں گے۔ بھوک مٹاﺅ پروگرام پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ غریب خواتین کو بلاسود قرضے دیں گے تاکہ وہ کاروبار کر سکیں۔ کسان دوست منشور میں زرعی انقلاب لانے کا واضح پروگرام ہے۔ کسانوں کو سبسڈی اور قرضے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرکے دکھاﺅں گا۔ پیپلز پارٹی کا مقابلہ غربت، جہالت، نفرت اور دہشت گردی سے ہے۔ پیپلز پارٹی کیخلاف کٹھ پتلی اتحاد کو شکست دیں گے۔ بی بی شہید کا نامکمل مشن پورا کرنے کیلئے نکلا ہوں۔ عوام میرا ساتھ دیں تو کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی لوگوں کو بھیڑ بکری اور کبھی گدھا کہتے ہیں۔ بغض بھٹو میں بنایا گیا اتحاد ہرچیز پر سودا کرنے کو تیار ہے۔ مخالفین پانی تک پر سودا کرنے کو تیار ہیں ہم ان کٹھ پتلیوں سے نہیں ڈرتے میں اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کررہا ہوں، پہلا الیکشن لڑرہا ہوں، بلاول نے پی پی امیدواروں سے سوال کیا جیت کر غائب تو نہیں ہوجائیں گے، امیدوار جیت کر خدمت کریں تو پی پی کیلئے ووٹ مانگتا ہوں۔ خیرپورناتھن شاہ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام نے میرا دل جیت لیا۔ کارکنوں کے شاندار استقبال سے بی بی شہید کی یاد تازہ ہوگئی۔ پی پی کل بھی وفاق کی جماعت تھی آج بھی ہے، ملک بھر میں انتخابات کے بعد بھی عوام سے ملتارہوں گا، اس جدوجہد میں عوام کا ساتھ ضروری ہے۔ سندھ میں جو کام ادھورے رہ گئے ہیں، خود کروں گا۔ شہید بی بی کے نامکمل مشن کو پورا کرنے نکلا ہوں۔ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی۔ ہم حکومت بنائیں گے میرے امیدوار وعدہ کریں کہ وہ ہر محاذ پر میرے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ کمزور جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہے۔ پیپلز پارٹی مسائل کا مقابلہ کرنے والی واحد جماعت ہے۔ ہماری پارٹی نے پہلے بھی مسائل کا سامنا کیا، اب بھی کریں گے۔ انہوں نے نام لئے بغیر کہا رات میںچھپ کر جلسہ کرنے والوں کو دن میںجلسہ کرکے دکھایا۔ الیکشن کو متنازع بنایا جارہا ہے۔ اے پی پی کے مطابق ٹی وی پروگرام میں انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے اور ہمیں عوامی رسپانس بھی بہت اچھا مل رہا ہے، امید ہے انتخابات میں بھی بہتر نتائج دیں گے اور بی بی شہید کے وعدے کی تکمیل کریں گے۔
بلاول بھٹو
امیدواروں پر حملے‘ سازش‘ کٹھ پتلیوں سے ڈرتے ہیں نہ کوئی طاقت راستہ روک سکتی ہے : بلاول
Jul 23, 2018