دنیا میں امیدواروں کی موت کے سوا الیکشن نہیں روکا جاتا، فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ جائیں گے: شیخ رشید

Jul 23, 2018

راولپنڈی (سلطان سکندر) عوامی مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی کے امیدوار شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں عمران خان کیساتھ مل کر حکومت بنا¶ں گا اور یہ ثابت کروں گا یہ غریبوں کی حکومت ہے۔عالمی قوتیں پاک کی فوج کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔عراق اور لیبیا میں بھی پہلے فوجوں کو تباہ کیا گیا۔بھارت کو اجمل قصاب کا پتہ نوازشریف نے دیا تھا وہ مجھ پر مقدمہ چلائیں میں ثابت کروں گا۔ عالمی طاقتیں بھی وہی کر رہی ہیں جو نوازشریف کر رہے ہیں ہم نے اس شہر میں پرامن طور پر انتخابی مہم چلائی دو مرتبہ میرے جلسوں میں گولی چلائی گئی لیکن ہمارا ایمان ہے جو رات قبر میں ہے وہ باہر نہیں۔ شیخ رشید اسمبلی میں آرہا ہے۔ میں نے راولپنڈی میں میڈیکل کالج اور 60تعلیمی ادارے بنائے زچہ بچہ ہسپتال پر کام شروع کرانے پر چیف جسٹس کا مشکور ہوں۔دنیا میں کہیں بھی امیدوار کی موت کے سوا الیکشن نہیں روکا جاتا۔ این اے 60 میں الیکشن روکنے کے خلاف ہمارے وکلاءہائیکورٹ جا رہے ہیں۔ وہ اتوار کی رات پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کے زیراہتمام لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے بھی خطاب کیا۔ رات 9 بجے موسلادھار بارش شروع ہو جانے سے پنڈال میں پانی بھر گیا اور لوگوںکو لیاقت باغ سے باہر جا کر میٹرو سٹیشن‘ قریبی ہوٹلوں وغیرہ میں پناہ لینا پڑی۔ رات 11 بجے بارش ختم ہوتے ہی شیخ رشید‘ سردار عتیق کے ہمراہ جلوس کی شکل میں لیاقت باغ پہنچ گئے۔ شیخ رشید نے خود مائیک سنبھال کر لوگوں سے جلسہ گاہ میں آنے کی اپیل کی اور لوگ جوق در جوق جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ پنڈال کی کرسیاں بھر گئیں اس طرح گزشتہ سال 13 اگست کو اسی طرح کی موسلادھار بارش میں لیاقت باغ میں عمران خان اور شیخ رشید کے خطاب کی یاد تازہ ہو گئی۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا یہ الیکشن مودی کے یاروں اور پاکستان کے وفاداروں کے درمیان ہے۔ پاک فوج پاکستان کیساتھ کشمیریوں کی بھی فوج ہے۔ جس کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
شیخ رشید

مزیدخبریں