کراچی (سٹاف رپورٹر) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ماڑی پور واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹ کی تعمیر نو مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو لامحدود ذخائر سے نوازا ہے اور ہمیں اپنی آنے والی نسل کو محفوظ اور اچھا پاکستان دینا ہے۔ انہوںنے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ دیامر بھاشا ڈیم بنائے جانے پر بہت خوش ہیں، ہم نے ان کو شناخت دینی ہے ، لیکن یہ ان کا صحیح فورم نہیںہم اس معاملے کو اٹھائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ لوگوں کو بنیادی حقوق دینے کیلئے سپریم کورٹ ہراقدامات کریگی۔ سپریم کورٹ لوگوں کے حق کیلئے بڑھ چڑھ کر آگے ہوگی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے واٹرکمشن اور سندھ حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ واٹر کمشن نے کم وقت میں ٹاسک مکمل کیا ہے، واٹرکمشن نے فراہمی نکاسی آب پرزبردست کام کیاہے۔ انہوںنے ریٹائرڈ جسٹس امیرہانی مسلم کو مخاطب ہوکر کہا کہ جس اندازمیں ہانی صاحب آپ نے اور واٹر کمشن نے کام کیا وہ قابل ستائش ہے، امیر ہانی مسلم صاحب نے قوم کو اور سپریم کورٹ کو مایوس نہیں کیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کراچی کو دیکھ کر خوشی ہوئی کے صفائی کے انتظامات اچھے ہوئے ہیں چھ ماہ پہلے کراچی جیسا تھا اب اس میں تبدیلی آئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ان تمام چیزوں میں انکا کوئی ذاتی مفاد نہیں۔ چیف جسٹس نے پلانٹ کا دورہ بھی کیا اور شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔
آئندہ نسل کو محفوظ اور اچھا پاکستان دینا ہے: جسٹس ثاقب نثار
Jul 23, 2018