لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیر قانون و خزانہ پنجاب ضیا حیدر رضوی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویزرشید کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران پنجاب حکومت کے غیرجانبدارانہ اقدامات پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا بیان حقائق کے منافی ہے اور یہ بیان ان کے ذاتی خیالات تو ہو سکتے ہیں لیکن اس کا حقیقت سے دور تک کوئی واسطہ نہیں۔ نگران صوبائی وزیر ضیاء حیدر رضوی نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے ہر سطح پر انتخابی عمل میں شفافیت اور غیرجانبداری کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں اور نگران حکومت اپنی غیرجانبداری کو عملی کارکردگی سے ثابت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ الزام عائد کرنے والوں کے پاس اگر کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔