لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ حافظ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک الیکشن میں پاکستان کی سب سے بڑی مذہبی قوت بن کر ابھرے گی، تحریک لبیک اسلام کی حقیقی روح سے عوام کو روشناس کرائے گی، اسلام کے نام پر ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کو عوام پہچان چکے، آج ناصر باغ لاہور میں بھرپور عوامی کا مظاہرہ کریں گے۔ گزشتہ روز پنجاب بھر کے دورہ کے بعد لاہور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک سے اس وقت لبیک لبیک کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں، عوام سیاسی طور بیدار ہو چکے ہیں، ملک کو لوٹنے والوں اور اسلام کے نام پر ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کو عوام پہچان چکے ہیں، اس الیکشن میں تحریک لبیک پاکستان کی سب سے بڑی مذہبی قوت بن کر ابھرے گی اور عوام کو اسلام کی حقیقی روح سے روشناس کروائے گی۔ انہوں نے کہا ہم اشتراکیت، سامراجیت اور سرمایہ دارانہ نظام کو مسترد کرتے ہیں، انسان کے بنائے ہوئے نظام، الٰہی قوانین کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ ہم نام نہاد ترقی پسندیت کے نام پر اپنی اسلامی تہذیب و ثقافت، تعلیمات و اخلاقی اقدار کا سودا نہیں کر سکتے۔ انسانی حقوق کے نام پر اسلامی تعلیمات کے خلاف پراپیگنڈاکو کامیاب نہ ہونے دیں گے۔ عوام آج ناصر باغ انتخابی جلسہ میں بھرپور شرکت کریں۔