جمعیت علماء پاکستان نورانی نے خواجہ سعد رفیق کی حمایت کر دی

Jul 23, 2018

لاہور (صباح نیوز)جمعیت علما پاکستان نورانی کے سربراہ اویس نورانی اور پیر اعجاز ہاشمی نے این اے 121سے مسلم لیگ ن کے امیداوار خواجہ سعد رفیق کی مکمل حمایت کر دی۔ یہ اعلان انہوں نے خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے جے یو آئی کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی کے اکابرین سے خاندانی رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حنیف عباسی کے خلاف رات کے گیارہ بجے فیصلے آئیں گے تو سوال ضرور اٹھیں گے، اتنی تاخیر سے فیصلے کی کیا ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا فیصلہ بھٹو اور نوازشریف کے خلاف آیا ایسے اقدامات معاشرے کو تقسیم کرکے تلخیوں کوابھاریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت صدیقی پر بات نہیں کریں گے۔ عمران خان ہمیں دشمن سمجھتا ہے مجھے خوف ہوتا ہے جب وہ لوگوں کے پکڑنے کا نام لیتاہے۔ اس موقع پر جمعیت علما پاکستان نورانی کے سربراہ اویس نورانی نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے ساتھ روحانی قلبی رشتہ ہے۔ اس حلقے کے لوگوں کو شعور ہونا چاہئے ایک شخص جس نے ملک کی پانچ سال خدمت کی ایک محکمہ ریلوے کو منزل مقصود تک پہنچا دیا، جے یو آئی خواجہ سعد رفیق کی کمپین اور بھرپور حمایت کرے گی۔ سعد رفیق بھاری اکثریتی ووٹوں سے جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے انقلاب کے نام پر لوگوں میں بے حیائی کو فروغ دیا اور کسی کی عزت نفس مجروع کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔

مزیدخبریں