لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ(ن)کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے ملک میں الیکشن نہیں سلیکشن کر نے کی کوشش کی جارہی ہے‘ووٹ کو عزت دو کی جدو جہد کیلئے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مر یم نواز ہر قر بانی دینے کو تیار ہیں مگر اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘ مسلم لیگ(ن) کے خلاف ہر محاذ سے جو انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں وہ پوری قوم کے سامنے ہیں‘ نوازشریف کو دبانے کی کوشش کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں‘دھاندلی کے ذریعے من پسند کو اقتدار میں لانے کی کوشش کرنے والے عوام کے ووٹ کا جنازہ نکالنا چاہتے ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نوازشر یف کو آئین وقانون کی حکمرانی اور حق سچ کی جنگ لڑنے کی سزا دی جا رہی ہے مگر نوازشریف آج بھی اپنے پائوں پر کھڑے ہیں۔ تمام حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ شفاف انتخابات کرانے ہیں تو تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں ورنہ پوری دنیا ان نتائج کو تسلیم نہیں کرے گی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پرویزرشیدنے کہا بغاوت بہادر لوگ کرتے ہیں۔چودھری نثار نے بغاوت نہیں کی وہ بھگوڑے ہیں، چودھری نثارکیسے بھگوڑے ہیںجو دم دبا کر بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا چوہدری نثار الیکشن کمشن سے ٹینک کا نشان لینا چاہتے تھے انہیں جیپ پر ٹرخایا گیا، نثار کیلئے موزوں انتخابی نشان بوٹ پالش ہے۔