اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ(ن) میٹروپولیٹین کارپوریشن راولپنڈی کے صدر سردار نسیم خان نے عام انتخابات 2018ء کے عمل سے قبل راولپنڈی شہر کے حلقوں میں قبل از انتخابات دھاندلی اور بلاجواز کارروائیوں کا نوٹس لینے کے لیے الیکشن کمشن کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ اتوار کو جاری کئے گئے اس مراسلے میں واضح کہا گیا ہے کہ سات سال پرانے ایک مقدمے میں جس کی تاریخ 2اگست 2018ء مقرر ہو چکی تھی لیکن پراسرار طریقے سے ہفتے کی شب گیارہ بجے فیصلہ دے کر مسلم لیگ ن کے ایک باصلاحیت رہنما جو خود این اے حلقہ60 کے امیدوار تھے کو اچانک عمرقید کی سزا سنا دی گئی اور فوری طورپر جیل بھیج دیا گیا۔ مزید کہا کہ یہ انتہائی حیرت کی بات ہے کہ مقدمے میں دیگر شریک تمام افراد کو چھوڑ دیا گیا اورصرف ہمارے امیدوار کو سزا سنا دی گئی۔ اسی نوعیت کے دیگر مقدمات کو الیکشن کے بعد تاریخیں رکھی گئیں ہیں لیکن اس کیس کا فیصلہ عملت میں کیا گیا۔ اس لیے ان غیر قانونی کارروائیوں کا نوٹس لیا جائے تاکہ صاف وشفاف الیکشن ممکن ہو سکیں۔
الیکشن کمشن پری پول رگنگ کا نوٹس لے‘ سردار نسیم کا مراسلہ
Jul 23, 2018