ایلوویرا ( ALOEVERA) ایک ایسا پودا ہے جس سے بہت سے فوائد حاصل ہوتے ہیں ۔ یورپی تحقیق کے مطابق ایلوویرا کے گودے میں بے شمار خواص پائے جاتے ہیں یہ جلد کے امراض ، معدے کی خرابی، دانت کا درد ، بال جھڑنے یاسر کی خشکی ، جوڑوں اور پٹھوﺅں کا درد اور دیگر مقاصد کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایلوویرا کمر درد اور جوڑوں کے درد میں افاقہ دیتی ہے اس کے موثر علاج کے لئے روزانہ ایک پتے کا گودا کھانا مفید ہے۔ خواتین میں ایلوویرا کااستعمال بے حد مقبول ہے۔ ایلوویرا کے اندر کا گودا نہ صرف خواتین کے چہرے کی خوبصورتی کو نکھارتا ہے بلکہ جلد کو نرم و ملائم بنانے میں بھی مدد گار ثابت ہوتا ہے۔
خواتین اگر میک اپ (MAKE UP) کرنے سے پہلے ایلوویرا کے گودے کو تھوڑی دیر کے لئے اپنے چہرے پر لگالیں تو اس سے ان کی جلد خشک نہیں ہوگی۔ اگر ایلوویرا کو عرق گلاب میں ملا کر آنکھوں میں لگایا جائے تو یہ آنکھوں کی بیماریوں کے لئے مفید ہے۔ یہ قبض جیسی بیماریوں میں بھی بہت مفید ہے۔ اگر ایلوویرا کے گودے کو دودھ کے ساتھ استعمال کیا جائے تو گردے کے انفیکشن کو ختم کرتا ہے ۔
(رخسار ملک ، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
”خدمتِ خلق“
کسی قوم کے زندہ قوم کہلانے کی سب سے بڑی دلیل سمجھی جاتی ہے کہ اس کے افراد کے دل انسانی دوستی کے بلندترین جذبات سے معمور ہوں اور اس کے یہی جذبات اس بات کا فیصلہ کرنے کے لئے بھی ایک دلیل کی حیثیت رکھتے ہیں کہ وہ قوم دنیا کی قیادت کا حق رکھتی ہے یا نہیں۔ اسلام میں کوئی ایسا انسان نہیں پایا جاتا جو کسی نہ کسی طریقے سے بھلائی کا کام نہ کر سکتا ہو۔ ہر انسان اپنی حیثیت کے مطابق خیر و فلاح کے کام کر سکتا ہے۔ مالدار اپنے مال اور اپنے مرتبے کے ذریعے خیر کا کام کرے گا اور غریب ہے تو اسے چاہئے کہ وہ یہ کام اپنے ہاتھ، اپنے دل، اور اپنی زبان سے کرے۔
ٰخدیجہ بٹ ....سمن آباد کالج)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
طلاق معاشرتی المیہ
طلاق حلال کاموں میں سب سے ناپسندیدہ عمل ہے لیکن ہمارے معاشرے میں اکثر عورتیں طلاق کا شکار ہو جاتیں ہیں ۔ جس کی وجہ سے انہیں معاشرے میں قبول نہیں کیا جاتا اور ہر کوئی اسے اپنے کڑوی کسیلی باتوں اور طعنوں کا نشانہ بنانا ہے اور عورت کو ہی سراسر غلط سمجھتا ہے یہ سب سے بڑا معاشرتی المیہ ہے کہ اگر کسی جوڑے میں علیحدگی ہو جائے تو نشانہ صرف عورت کو ہی بنایا جاتا ہے جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے ہمیں اپنی سوچ کو بدلنا چاہیے اور اگر خدانخواستہ کسی عورت کو طلاق ہو جائے تو اسے مورد الزام نہیں ٹھہرانا چاہیے معاشرہ اسے ایسے ہی قبول کرے جیسے ایک طلاق یافتہ مرد کو قبول کرتا ہے نہ کہ زندگی بھر ان کے ماتھے پر طلاق یافتہ کا لیبل لگادیا جائے ۔
(مریم شکیل ، لاہور کالج فارو یمن یونیورسٹی)
ایلوویرا کے فوائد ، عورتوں کے لئے فائدے مند
Jul 23, 2018