لاہور (نامہ نگار)پنجاب پولیس نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 24جون 2018سے لے کر 21جولائی 2018تک مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے خلاف802مقدمات درج کر کے779 کارکنوں اور ساتھیوں کو گرفتار کیا۔اسی طرح مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروںکے خلاف اسلحہ کی نمائش پر 187مقدمات ، آتش بازی پر 66، بغیر اجازت کارنر میٹنگ پر58،غیر قانونی ریلی پر 50، دفعہ 144کی خلاف ورزی پر 54، لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال پر119، اقدام قتل پر 7، 4thشیڈولرز کے خلاف 5، غیر قانونی سائز کے بورڈ لگانے اور دیگر خلاف ورزیوں پر144 مقدمات درج کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افسران انتخابات کے پر امن ماحول میں انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فرائض غیر جانبداری سے ادا کریں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف مقدمات درج کریں جبکہ شر پسندوں اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی سی پی او سمیت تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز حساس پولنگ سٹیشنز کے گردو نواح میں سرچ سویپ اور کومبنگ آپریشنز کو تیز کریں ۔