لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی انتخابی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی پشت پر قومی قیادت اور پارلیمنٹ کا یکسو اعتماد نہیںہے ۔ عوام افغانستان ، کشمیر ، ایٹمی صلاحیت اور قومی وقار کے منافی ڈو مور کی کسی سودے بازی کو قبول نہیں کریں گے اور پوری قوم از سر نو گو امریکہ گو اور گو عمران گو کے نعرے کے ساتھ میدان میں نکلے گی ۔ کوئی بھی بیرونی قوت اور سہارا ہمارا مدد گار نہیں ہوسکتا ، اللہ پر توکل ، اپنی قوم اور وسائل پر اعتماد کرتے ہوئے خود انحصاری اور قرآن و سنت کی بالادستی ہی نجات اور استحکام کا راستہ ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ قبائلی اضلاع کے صوبائی حلقوں کے انتخاب میں ووٹوںکے تناسب اور کامیابی میں پیش رفت ہوئی۔ جماعت اسلامی کا موقف اور اپنی شناخت کے ساتھ مفادات سے بالاتر جدوجہد پذیرائی حاصل کر رہی ہے ۔