لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ سکیورٹی وفد پاکستان بھجوانے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔لندن میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے دوران دونوں بورڈز کے نمائندوں نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز پاکستان میں کرانے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا، ذرائع کے مطابق سری لنکن بورڈ حکام نے اس حوالے سے اگست میں سیکورٹی وفد بھجوانے پر آمادگی ظاہر کی ہے، سری لنکن حکام کے مطابق وطن واپس جاکر چند روز میں سکیورٹی وفد کے ارکان اور متوقع تاریخوں سے پی سی بی کو آگاہ کردیا جائے گا، اس بات کی یقین دہانی سری لنکن بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈسلوا نے پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کو کرادی ہے۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اکتوبر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2ٹیسٹ میچوں کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے، پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں یہ دونوں ٹیسٹ کرانے کی خواہش ظاہر کی ہے، سکیورٹی وفد ان دونوں مجوزہ مقامات کا دورہ کرکے اپنی رپورٹ سری لنکن بورڈ کو جمع کرائے گا جس کے بعد مہمان ٹیم کے پاکستان آنے کی تصدیق ہوگی۔
سری لنکن بورڈ آئندہ ماہ سکیورٹی ٹیم پاکستان بھجوانے پر آمادہ
Jul 23, 2019