اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان میں انٹرنیٹ ایپس پر پابندی لگانے کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کے ذریعے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدالتیں اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) مورل پولیسنگ اور انٹرنیٹ ایپس پر پابندی عائد کرنے کے معاملے سے دور رہیں کیوں کہ یہ سوچ پاکستان کی ٹیکنالوجی انڈسٹری اور اس کے فروغ کو تباہ کر دے گی۔فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ غلط مشوروں کی بنیاد پر ججز کی معاشی معاملات میں مداخلت کی وجہ سے ہم ابھی تک مسائل سے باہر نہیں نکل سکے ہیں۔دریں اثناء وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سینسرشپ آئندہ برسوں میں غیر متعلقہ ہو جائے گی۔ ایک کمپنی پر پابندی لگانا اپنے پیر پر کلہاڑی مارنا ہو گا۔ اپنے اداروں کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جائے۔ قانونی طور پر عید رویت ہلال کے اعلان پر ہی منائی ہے۔ جس نے بھی چاند دیکھا اس کا خیال ہے یہ دوسرے دن کا چاند ہے۔ لاپتہ افراد سے متعلق پی ٹی آئی کا موقف آج بھی وہی ہے۔