بھارتی ہندوتوا سوچ سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں: شاہ محمود

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی ہندوتوا سوچ اور جارحانہ پالیسیوں کے باعث پورے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں اور وہ افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں وزارت خارجہ میں خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، اعلیٰ عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے اور انہیں مزید اجاگر کرنے کے لیے مختلف تجاویز کو زیر غور لایا گیا، جبکہ افغان امن عمل سمیت علاقائی سلامتی کے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اپنی داخلی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں کے ذریعے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کشی اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی و علاقائی فورم پر اٹھا رہا ہے اور بھارت سرکار کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ دریں اثناء متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے اپنے پاکستانی ہم منصب مخدوم شاہ محمود قریشی سے بدھ کو ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران کرونا وبائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی سے کہا کہ آپ کی علالت کی خبر سن کر بہت تشویش ہوئی۔ مجھے خوشی ہے کہ آپ روبصحت ہیں اور میں آپ کی آواز سننے کا متمنی تھا۔ وزیر خارجہ نے اپنی علالت کے دوران اماراتی وزیر خارجہ کی طرف سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...