عمران وعدوں سے منحرف ہوئے تو قوم کسی پراعتماد نہیں کریگی:خرم نواز گنڈاپور

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ مڈٹرم الیکشن، قومی حکومت کی تشکیل یا مارشل لاء یہ سارے ٹوٹکے آزمائے جا چکے ہیں، مسائل کی جڑ یہ قاتل نظام ہے، اسے بدلنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری لوٹ کھسوٹ کے اس نظام کا اصل چہرہ قوم کو دکھا چکے ہیں، جتنی جلدی اس نظام سے نجات حاصل کر لی جائے گی ملک اور قوم کے مستقبل کے لئے اتنا ہی اچھا ہوگا، عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر توجہ حاصل کی، انہوں نے وعدوں پر عمل نہ کیا تو آئندہ پڑھے لکھے عوام تبدیلی کا نعرہ لگانے والے کسی لیڈر اور جماعت پر اعتماد نہیں کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں کیا، اجلاس میں مرکزی نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، نائب صدر پنجاب راجہ زاہد محمود، سید امجد علی شاہ، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف، شہزاد رسول و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ یہ نظام قاتلوں کو تحفظ دیتا ہے، گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جج مسٹر جسٹس مقبول باقر نے ایک کیس کے تحریری فیصلہ میں درست کہا کہ عوام 72سال بعد بھی آئین میں دئیے گئے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، برداشت اور شفافیت کا مذاق اڑایا جارہا ہے، موجودہ نظام غریب کا دشمن اور کرپٹ کا محافظ ہے۔

ای پیپر دی نیشن