لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر جنگلی حیات ماہی پروری سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ جنگلی حیات ہمارا قومی ورثہ اور قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ جنگلی حیات قدرت کے حسن کو چار چاند لگانے کے ساتھ ساتھ کرہِ ارض کے توازن کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے عہدے کا قلم دان سنبھابلنے کے بعد محکمہ جنگلی حیات پنجاب کے ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے موقع پر میڈیا سغے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات کیپٹن (ر)آصف حیات، ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف سید طاہر ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹرز عامر مسعود، مدثر حسین اور عبد الشکور منج بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری کا کہنا تھا کہ ہم جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن پر پوری طرح عمل پیرا ہیں اور محکمہ جنگلی حیات ایک جامع حکمت عملی کے تحت محکمہ ہذا کی زمین نا جائز قابضین سے واگزار کروائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف تین نئے نیشنل وائلڈ لائف پارکس کے قیام کے لیے اپنی بھر پور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔