لاہور (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) آئی جی نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس ڈاکٹر کلیم امام کی ہدایت پر کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کی زیرنگرانی موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے بلڈ ڈونیشین کیمپ لگایا جس میں کثیر تعداد میں موٹروے پولیس افسران نے خون کے عطیات دیئے۔ آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک خطرناک مرض ہے جس میں مبتلا مریضوں کی مدد انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے اور موٹروے پولیس بحیثیت ادارہ اپنی انسان دوست روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سندس فائونڈیشن کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم نے بتایا کہ موٹروے پولیس سندس فائونڈیشن کو ملک بھر میں خون کے عطیات کیلئے کیمپ لگانے اور محفوظ طریقے سے خون جمع کرنے میں معاونت کرے گی۔ بلڈ کیمپ کا آغاز ڈی آئی جی محبوب اسلم کی اہلیہ نے خون کا عطیہ دیکر کیا۔ خون کا عطیہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا وہ اپنے آپ کو موٹروے پولیس کا حصہ سمجھتی ہیں اور انہوں نے اپنے خون کا عطیہ موٹروے پولیس کے افسران میں خلق انسانی کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے کیا ہے کیونکہ یہ ان کا یقین کامل ہے کہ کسی بھی انسانی جان کو بچانے سے زیادہ افضل کام کوئی اور نہیں ہو سکتا۔ ڈی آئی جی محبوب اسلم نے بتایا کہ موٹروے پولیس کا ادارہ سندس فائونڈیشن کواپنے پورے ملک میں پھیلے تمام افسران کے خون کے متعلق مکمل ریکارڈ فراہم کرے گا تاکہ رضاکارانہ طورپر خون کے عطیات کے حصول میں معاونت ہو سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موٹروے پولیس کے افسران یا ان ے اہل خانہ میں سے اگر کوئی خدانخواستہ خون میں خرابی کے مرض میں مبتلا ہو تو سندس فائونڈیشن ان کی مناسب دیکھ بھال کرے گی۔ مزید موٹروے پولیس سندس فائونڈیشن کے ساتھ مل کر وقتاً فوقتاً تھیلیسیمیا کے مرض کی آگاہی کیلئے چلنے والی مہم میں بھرور تعاون کرے گی اور حصہ لے گی۔