لاہور؍ نارووال؍ گجرات‘ شیخوپورہ ؍ کوئٹہ؍ پشاور (وقائع نگار+نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں جاری بارشوں کے باعث نارووال، گجرات‘ میانوالی‘ چناب نگر‘ حافظ آباد سمیت پنجاب، بلوچستان اور خیبر پی کے کے مختلف علاقوں میں حادثات میں مزید 17 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے۔ ہزاروں مکانات تباہ اور سینکڑوں مویشی ہلاک ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق نارووال کے ڈومالہ گائوں کے کھیتوں میں کھڑے بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے 3 بچے ڈوب کر جاںبحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے بچوں کی نعشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گاوں ڈومالہ کے قریبی کھیتوں میں بارش کے بعد کھڑے پانی میں 6 سالہ سہیل، 8 سالہ احمد اور 11 سالہ گلفام پانی میں نہا رہے تھے کہ گہرے پانی میں ڈوب گئے۔ ناگہانی اموات پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشک بار ہو گئی۔ گجرات کے گاؤں اسماعیلہ شریف میں دو کمسن بچے پانچ سالہ علی اور 7 سالہ حفصہ برساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ شیخوپورہ کے گاؤںروڑاں والی میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے دو کمسن بھائی، کوٹ رادھاکشن کے نواحی علاقے کوٹ منگل سنگھ میں 42 سالہ جاوید جاں بحق ہو گیا لاہور گرین ٹاؤن میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے چار افاد زخمی ہو گئے۔ میانوالی وادی سون کنہٹی باغ میں سیلابی ریلے میں چار افراد ڈوب گئے‘ دو کو بچا لیا گیا‘ لاپتہ ایک بچے کی نعش برآمد کر لی گئی۔ حافظ آباد علی پور روڈ محلہ اسماعیل میں حالیہ ہونے والی بارش کے باعث مکان کی خستہ حال چھت گر گئی۔ ملبے تلے دب کر ساٹھ سالہ خاتون حمید بی بی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ فیصل آباد میں بارشوں کے دوران چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے آٹھ افراد زخمی اور بکری ہلاک ہو گئی۔ فیکٹری ایریا ٹوٹا بازار میں خستہ دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر عدیل ولد ارشد جاوید، چک جھمرہ اوڈاں والا میں خستہ حال چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر نواز ولد احمد اور سلمان ولد منظور، کھرڑیانوالہ سے مکوآنہ بائی پاس روڈ پر الفلاح کالج کے قریب گھر میں فریج سے کرنٹ لگنے سے احسان ولد غلام رسول، ڈی ٹائپ کالونی گول چوک بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے امجد ولد صدیق جاں سے گیا اور بکریوں کو کرنٹ لگا جبکہ ایک بکری ہلاک ہو گئی۔ منظور پارک گلی نمبر دو میں بجلی کی تار سے کرنٹ لگنے سے ظرار ولد رفیق، یوسف آباد اضافی آبادی گلی نمبر چھ میں گھر کی خستہ حال چھت گرنے سے نسرین بی بی زوجہ صدیق اور کلیم شہید پارک میں فرید چوک کے قریب واقع فیکٹری کی خستہ حال چھت گرنے سے بلال شدید زخمی ہو گئے۔ بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 9 افراد بارشوں کی نذر ہوگئے جن میں خواتین و بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 99 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 39 مرد 28 خواتین اور 32 بچے شامل ہیں۔ 57 افراد زخمی ہوئے اور مجموعی طور پر صوبے بھر میں 3953 مکانات منہدم ہوئے 706 مال مویشی بھی مارے گئے ہیں خیبر پی کے میں پی ڈی ایم اے نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے، صوبے بھر میں 10 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ میاں چنوں میں چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔ رحیم یار خان میں بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا۔ فیصل آباد میں بارش سے موسم تو خوشگوار ہو گیا مگر تاحال بارش کے پانی کی نکاسی یقینی نہ بن سکی، شہریوں کو روز مرہ امور نمٹانے کے لیے آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سکھر سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش سے سیپکو کے 150فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے لاڑکانہ اور دادو کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ چناب نگر کے مطابق چنار نگر کے مقام پر دریائے چناب سے سیلاب کا خطرہ ہے۔
بارش