چیئرمین سینٹ سے  ترکیہ کے نئے تعینات ہونے والے سفیر کی ملاقات 

اسلام آباد(نا مہ نگار) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں ترکیہ کے نئے تعینات ہونے والے سفیر پروفیسر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے بطور سفیر تقرری پر مہمت پاچاجی کو مبارکباد دی اور پاکستان سے تعلقات کے فروغ میں بہترین کردار ادا کرنے کیلئے نیک تمناں کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔محمدصادق سنجرانی نے جموں و کشمیر کے تنازع پر ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے اورتمام اسلامی ممالک کو اسلاموفوبیا کے خلاف یکجا ہو کر ہر فورم پر آواز اٹھانا ہوگی۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات کے دوران متعدد علاقائی اور عالمی امور پر یکساں موقف پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ شاندار طریقے سے منائی جائیگی۔ ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔پاکستان کے ساتھ دو طرفہ اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ترکی کے سفیر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید وسعت کے عزم کااظہار بھی کیا۔
ملاقات 

ای پیپر دی نیشن