فیصل آباد(اے پی پی)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کی جانب سے مویشیوں کو گل گھوٹو، منہ کھر،نمونیا، انتڑیوں کے زہر، مرغیوں کو رانی کھیت کے ٹیکے لگانے کا عمل مزید تیز کردیا گیاہے جبکہ ویکسی نیشن مہم 30 ستمبر تک جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیاہے تاکہ مویشی، جانور، پرندے ہر قسم کی موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھے جاسکیں۔ محکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹرحیدر علی خان نے بتایاکہ مذکورہ مہم کے دوران جانوروں، مویشیوں، پرندوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مکمل کیاجائیگا۔ تمام مویشی پال حضرات، لائیو سٹاک فارمرز اور پولٹری فارمرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم برسات کے دوران اپنے جانوروں اور پرندوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوائیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز کو ہدایت کی کہ بھیڑوں کے باڑے کو سطح زمین سے 2فٹ اونچا رکھا جائے، بھیڑوں کو کرم کش ادویات ہر 4ماہ بعد پلوائی جائیں اور اون کی کترائی موسم بہار اور موسم خزاں میں سال میں 2بار کروائی جائے۔ا نہوں نے کہا کہ بھیڑوں بکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ کی ہدایات کے مطابق حفاظتی ٹیکے لگوائیں جائیں اور حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ میں ریوڑ سے الگ کر کے انہیں زود ہضم غذا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے لہذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر سٹیک ہولڈرز صبح 8سے رات 8بجے تک مذکورہ ہیلپ لائن 0800-78685 پر مفت رابطہ کر سکتے ہیں۔
مویشیوں کیلئے حفاظتی ٹیکے لگانے کا عمل تیز ، ویکسی نیشن مہم 30ستمبر تک جاری رہے گی
Jul 23, 2022