لاہور (خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ حضرت عثمان غنیؓ کی پاکیزہ زندگی عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔خلیفہ سوم حضرت عثمان غنیؓ کا دور حکومت خلافت راشدہ کے باقی عظیم حکمرانوں کی طرح رہبر و رہنما ہے۔ حضرت سید نا عثمان غنیؓ امت مسلمہ کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آپؓ شرم و حیا کا پیکر تھے۔آپؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکرکے ہم آج بھی معاشرہ کو مثالی بنا سکتے ہیں۔ آج مسلمان حکمرانوں کی بزدلی اور کمزوری کے سبب دنیا میں امت مسلمہ ظلم و جبر کا شکار ہے۔ حکمران ریاستی اصولوں، ترجیحات کے تعین اور عدل و انصاف کی فراہمی میں عہد عثمانؓ سے رہنمائی لیں۔ مسلم حکمرانوں کو اسوہ عثمانیؓ سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ سیدنا عثمان غنی ؓ کا مال و دولت ہمیشہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور مسلمانوں کی ضروریات کی تکمیل پر خرچ ہوا۔آپؓ نے ہمیشہ مشکل حالات میں مسلمانوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی۔ آپؓ کے دور میں طرابلس، شام، افریقہ، جزیرہ قبرص، جزیرہ روڈس، قسطنطنیہ، آرمینیا، خراسان، طبرستان اور کئی ایک مزید علاقے فتح ہوئے۔ تاریخ انسانی سخاوت وایثار کی سیدناعثمان غنیؓ جیسی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ حضرت عثمان غنیؓ نے اسلام کی ترویج میں جو خدمات سرانجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی دنیا و آخرت سنوارنی چاہیے۔