لاہور( خبر نگار)پی ایچ اے اور پاکستان کی ملٹی نیشنل کمپنی ’’یونی لیور‘‘ کے اشتراک سے جیلانی پارک میں مون سون شجرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ایم او یو ایڈیشنل ڈی جی بابرصاحب دین ، چیئرمین،سی ای او یونی لیور پاکستان عامر پراچہ نے سائن کیا اور مون سون شجرکاری کے حوالے سے جیلانی پارک میں پودے بھی لگائے۔ تقریب میں ڈئریکٹر پی ایچ اے عامر ابرہیم اور ’’یونی لیور‘‘ کے عہدیداران اور پی ایچ اے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ’’یونی لیور‘‘ نے پی ایچ اے کو مون سون شجرکاری کیلئے 10 ہزار پودے بھی فراہم کیے۔ ایڈیشنل ڈی جی بابر صاحب دین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کوصحتمند بنانا اور اپنے اردگرد صفائی کا خیال رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ نجی کمپنیوں اور اداروں میں شجرکاری کا فروغ ماحول کو سازگار بنانے میں نہایت مددگار ثابت ہوگا۔ پی ایچ اے مون سون میں شجرکاری کے فروغ کیلئے سرکاری ونجی سیکٹرز اور تعلیمی اداروں میں شجرکاری کریگا۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے تحفظ اور صحتمند ماحول کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنی ہوگی۔ یونی لیور کے مشکور ہیں جنہوں نے مون سون شجرکاری کیلئے 10 ہزار پودے فراہم کیے۔ چیئرمین،سی ای او یونی لیور پاکستان عامر پراچہ نے کہا کہ پی ایچ اے شہر کو خوبصورت بنانے، فضائی آلودگی کے خاتمے اور شجرکاری کے فروغ کیلئے اقدامات کررہاہے۔
ماحول کوصحتمند ،صفائی کا خیال رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری : ایڈیشنل ڈی جی
Jul 23, 2022