مکرمی : بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے حکومت نے عوامی مفاد کے لئے کئی بار اعلانات کئے لیکن اس کے باوجود پشاور میں بجلی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے ، مضافاتی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جبکہ ٹرپنگ کے باعث الیکٹرانکس کی قیمتی اشیاء جل کر ناکارہ ہورہی ہیں ۔بجلی بندش سے گھروں اور مساجد میں پانی ناپید ہو گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔گھروں میں خواتین،بزرگ او ر بچے شدید گرمی کے باعث بلبلا اٹھے ہیں اور راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں ۔بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔پشاور کے مضافاتی علاقوں میں بائیس بائیس گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے ۔لوگوں نے بجلی میٹر بھی لگائے ہیں اور ماہانہ بل بھی ادا کرتے ہیں او ر مذکورہ علاقوں سے 80فیصد ریکوری بھی کی جاتی ہے لاس کے باوجود بھی پیسکو کی جانب سے بائیس بائیس گھنٹے لوڈشیڈنگ کرنا ظلم کی انتہاء ہے ۔ بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مساجد میں وضو کے لئے پانی دستیاب نہیں اور لوگ گھروں اور مساجد کے لئے شدید گرمی میں دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں اور پانی کا ٹینکر پانچ ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے اس مہنگائی کے دوران صارفین اپنے بچوں کے لئے آٹا،گھی او ر چینی خریدیں یا پانچ ہزار روپے پانی کا ٹینکر خریدیں ۔پشاور کے مضافاتی علاقوں کے مکین آپ سے ہمدردانہ اپیل کرتے ہیں کہ بجلی کی بائیس بائیس گھنٹے طویل ترین لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔آپ غریب لوگوں کے دکھ درد اور غم کو سمجھتے ہیں وزیر اعظم صاحب مضافاتی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے احکامات جاری کریں اور غریب لوگوں کی دعائیں لیں ۔(سید آفریدی 030059991213 )
وزیراعظم میاں شہباز شریف پشاور میں لوڈ شیڈنگ ختم کرائیں
Jul 23, 2022