لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ تکبر اور غرور میں غرق لوگوں نے سیاسی مخالفین اور حکام کی دھمکیاں اور گالیاں دیں۔ اﷲ تعالیٰ کو تکبر پسند نہیں‘ چودھری شجاعت حسین کے فیصلے نے ملک کو عمرانی فتنے سے محفوظ کیا۔ سیاسی افسروں کے نام لیکر انہیں رندا پھیرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ چودھری شجاعت حسین دیرینہ‘ کہنہ مشق اور تجربے کار سیاستدان ہیں۔ اﷲ تعالیٰ نے عمرانی فتنے کو سرنگوں کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیگی اور اتحادی جماعتوں کی قیادت چودھری شجاعت حسین کے فیصلے کو سراہتی ہے۔ آج جمہوریت اور رواداری کا بول بالا ہوا ہے۔ تمام جمہوری کارکن چودھری شجاعت حسین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ حمزہ شہباز دوبارہ اکثریت حاصل کر کے وزیراعلیٰ بن گئے۔ حمزہ شہباز کے دوبارہ منتخب ہونے میں غریبوں کی دعاؤں کا ہاتھ ہے۔ عمرانی ٹولے نے غریبوں کے بجلی بلوں کی معافی روکی تھی۔ لاء اینڈ آرڈر خراب کرنے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔ آصف زرداری نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ حتمی فیصلہ چودھری شجاعت حسین نے کیا جو چھوٹی بات نہیں۔ آئی جی پنجاب کو ان کی درخواست پر تبدیل کیا گیا‘ نئے آئی جی برقرار رہیں گے۔ ملک میں فتنہ فساد افراتفری ان کا ایجنڈا ہے جس کی اکثریت ہے اسی کی حکومت بنی ہے۔ لاہور لبرٹی چوک پر کار سوار افراد کی فائرنگ کی اطلاعات ملی ہیں۔