نئی دہلی، اسلام آباد، برسلز (کے پی ایل+ نمائندہ خصوصی ) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے اپنے خلاف جعلی مقدمات اور غیر منصفانہ بھارتی عدالتی کارروائی کے خلاف جمعہ سے غیر معینہ مدت تک کے لئے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ کے پی آئی کے مطابق بھوک ہڑتال شروع کرنے سے قبل اپنی والدہ اور ہمشیرہ سے ملاقات میں محمد یاسین ملک کی طرف سے جاری ویڈیو پیغام کے مطابق یاسین ملک نے ملاقات کے موقع پر کہا کہ میرے خلاف غیر منصفانہ کارروائی ہورہی ہے۔ عدالت میں گواہ وغیرہ کو پیش کیا جاتا ہے مگر مجھے خود عدالت میں پیش نہیں ہونے دیا جارہا۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ اگر مجھے مارنے سے مسئلہ حل ہو جاتا ہے تو بے شک مجھے مار دیں یہی بہتر ہو گا۔ یاسین ملک نے اپنی والدہ اور بہن سے ملاقات کو اپنی آخری ملاقات قرار دیا اور مزید کہا کہ جب تک میں زندہ ہوں میں بھوک ہڑتال پر ہی رہوں گا۔ انہوں نے اپنی والدہ محترمہ سے کہا کہ میں نے اللہ اور اس کے رسولﷺ سے سودا کیا ہے۔ اب آپ اللہ کے حوالے اور میں بھی اللہ اور اس کہ رسول کے حوالے ہوں۔ آپ سب میرے لیے دعا کریں۔ یاسین ملک کی ہمشیرہ نے بھی تمام لوگوں سے دعا کی اپیل کی ہے کہ اللہ پاک یاسین ملک کو ان کے مقصد میں کامیاب کرے۔ علاوہ ازیں نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں کے علاوہ لندن میں بھارتی سفارتخانے اور برمنگھم میں بھارتی کونسل خانے کے باہر تین روزہ بھوک ہڑتال کا سلسلہ جمعہ کو دوسرے روز بھی جاری رہا۔ جبکہ نئی محمد یاسین ملک سے اظہار یک جہتی کے لیے برسلز میں یورپی کمیشن کے دفتر کے باہر علامتی احتجاجی بھوک ہڑتال آج ہفتے کو ہوگی۔ کے پی آئی کے مطابق جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے تحت علامتی احتجاجی بھوک ہڑتال کا کیمپ لگایا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حریت رہنما یاسین ملک پر جاری ظلم و ستم بھارتی حکومت کا کشمیریوں کی آواز دبانے کا مذموم ایجنڈا ہے۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ من گھڑت کیسز اور جعلی مقدمات کے ذریعے بھارت انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، سیاسی کارکنوں کے حقوق کی پامالی انسانی حقوق کے تحفظ کے علمبرداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے کشمیری مسلمانوں کے خلاف ظلم و زیادتی کا بازار گرم کر رکھا ہے، انسان کے بنیادی حق آزادی کیلئے آواز اٹھانے پر کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل میں بند کرکے صعوبتیں ڈھانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کو مبارکباد یتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے ثمینہ بیگ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم اسی جذبے سے لہراتی رہیں گی۔
یسین ملک کی بھوک ہڑتال ، بھارتی مظالم کشمیریو ں کی آواز نہیں دبا سکتے : شہباز شریف
Jul 23, 2022