ثمینہ بیگ ‘5غیر ملکی خواتین کوہ پیمائوں نے کے ٹو سر کرلی

Jul 23, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر)ثمینہ بیگ نے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ثمینہ بیگ نے جمعہ کی صبح سات بج کر 42منٹ پر کے ٹو کی چوٹی پر پہنچیں، 8611میٹر بلند کے ٹو دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے۔ثمینہ کی ٹیم کے ارکان عید محمد، بلبل کریم، احمد بیگ، رضوان داد، وقار علی اور اکبر سدپارہ بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل ثمینہ بیگ نے 2013میں مانٹ ایوریسٹ کو بھی سر کیا تھا۔ افسانے حسامی فرد کے ٹو سر کرنے والی پہلی ایرانی کوہ پیما بن گئیں۔افسانے حسامی فرد نے جمعہ کی صبح 6 بج کر 45 منٹ پر کے ٹو سر کیا ہے۔سعودی عرب کی نیلی عطار نے بھی کے ٹو سر کر لیا، نیلی کے ٹو سر کرنے والی پہلی عرب خاتون ہیں۔ناروے کی کرسٹن ہریلا بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہو گئیں، انہوں نے 3ماہ میں آٹھویں ایٹ تھاوزنڈر کو سر کیا ہے۔کرسٹن ہریلا 6 ماہ کے اندر تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنا چاہتی ہیں۔ادھر امریکی خاتون کوہ پیما کرسٹن بینیٹ اور کینیڈا کی لیلیا آئیوا نووسکیا نے بھی کے ٹو سر کر لیا۔ناروے کے فرینک لوک بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہو گئے۔دوسری جانب نیپال سے تعلق رکھنے والے 7مانٹین گائیڈز بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔وزیراعظم شہباز  شریف نے کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کیلئے عزم و ہمت اور بہادری کی مثال بن کر ابھریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے 2 سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور ان کے اہلخانہ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کے لیے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت بن کر ابھری ہیں۔ ثمینہ بینگ نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی خواتین کوہ پیمائی کے صبر آزما کھیل میں مردوں سے پیچھے نہیں ہیں، امید ہے ثمینہ بیگ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم اسی جذبے سے لہراتی رہیں گی۔ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش میں دل کا دورہ پڑنے سے غیر ملکی کوہ پیما جاں بحق ہوگیا۔ذرائع کے مطابق چوٹی سر کرنے کی کوشش میں دل کا دورہ پڑنے سے افغان کوہ پیما علی اکبر سخی جاں بحق ہوئے، انکی میت کو بیس کیمپ لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ افغان کوہ پیما کی میت کو ریسیکیو کے لیے جانے والی ٹیم میں سرباز خان اور سہیل شیخ شامل ہیں۔افغان کوہ پیما علی اکبر سخی کو کیمپ 3 پر دل کا دورہ پڑا جس کے باعث وہ جانبر ناہوسکے۔واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس کیٹو سمیت دیگر پہاڑوں کو سر کرنے کی مہم جوئی کیلئے تقریبا 600 کوہ پیماں کے گروپس کو لائسنس جاری کیے ہیں۔

مزیدخبریں