فتنہ خان نے اقتدار کیلئے چودھری خاندان میں پھوٹ ڈلوائی  : مریم نواز 

Jul 23, 2022


لاہور+ اسلام آباد (نیٹ نیوز+ نامہ نگار) مریم نواز  نے کہا ہے کہ جمہوری جدوجہد کے فیصلہ کن موڑ پر چودھری شجاعت کا فیصلہ جمہوری مثبت سوچ کی دلیل ہے۔ حمزہ شہباز شریف کے ایک مرتبہ پھر وزیراعلیٰ بننے کے بعد ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے لکھا کہ یہ جنگ ہے عوام کے حقیقی مینڈیٹ کی، جمہوریت اور آئینی تقاضوں کی اور فسادیوں، فاشسٹوں اور آمرانہ سوچ رکھنے والوں کے درمیان ہے۔  'جمہوری جدوجہد کے فیصلہ کن موڑ پر چوہدری شجاعت جیسے زیرک سیاستدان کا سیاسی فیصلہ ان کی جمہوی مثبت سوچ کی دلیل ہے'۔ فتنہ خان نے اپنے اقتدار کے لیے نا صرف چوہدری  خاندان میں پھوٹ ڈلوائی بلکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی رو سے  پرویز الٰہی کی سپیکر شپ اور سیٹ بھی چھین لی۔ یہ شخص جہاں جاتا ہے نحوست پھیلاتا ہے۔ چوہدری شجاعت صاحب نے دباؤ کے باوجود اصولی فیصلہ کیا اور اپنی عزت اور توقیر میں اضافہ کیا۔ قبل ازیں ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا اب کھیل کے اصول سب کے لئے یکساں ہوں گے۔ مسلم لیگ ن ان کے ساتھ کئے گئے سلوک کو نہیں بھولی۔ ورنہ پی ایم ایل این اسے بہتر طریقے سے کھیلنا جانتی ہے۔ غلامی سے آزادی کا بھاشن دینے والا اپنے ممبرز کو غلاموں سے بھی بدتر سمھجتا  ہے۔ جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتا رہا آج اسی کے لئے ووٹ مانگ رہا  ہے۔ اسی کو 12 کروڑ کے صوبے کا مالک بنانے کو تیار ہے۔ پنجاب منی گالہ نہیں جسے آپ کبھی بزدار، کبھی پنکی  اور اس کے بیٹوں کے حوالے کر دیں۔ عظیم قوم بنانے کے دعویدار کے پاس وزارت اعلیٰ کا اپنا امیدوار تک نہیں۔ پنجاب کی خدمت کرنا اور پنجاب کو ٹھیکے پر دینے میں فرق ہے۔ 2018ء میں پنجاب کے عوام نے مینڈیٹ نواز شریف کو دیا تھا جو ان سے دھونس اور دھاندلی سے چھین لیا گیا۔ یہ جیتے جاگتے عوام کاصوبہ ہے فتنہ خان کی اے ٹی ایم نہیں۔ 

مزیدخبریں