لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز اپنے ارکان کے ساتھ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد پنجاب اسمبلی پہنچے۔ صحافیوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سدا بادشاہی اﷲ تعالیٰ کی ہے۔ انہوں نے روانگی سے پہلے دعا بھی کرائی۔حمزہ شہباز شریف نے کے ٹو سر کرنے والی پاکستان کی پہلی کوہ پیما خاتون ثمینہ بیگ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اپنے تہینیتی پیغام میں کہا کہ ویلڈن۔۔۔ ثمینہ بیگ۔۔۔ قوم کو آپ پر ناز ہے۔ حمزہ شہباز کی زیر صدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، راہ حق پارٹی، آزاد ارکان سمیت ایم پی ایز نے بھرپور شرکت کی اور حمزہ شہباز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازشریف نے نارووال کے نواحی گاؤں میں برساتی پانی میں ڈوب کر 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے - وزیر اعلی نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے افسوسناک واقعہ کے بارے میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔