پیرجوگوٹھ /نوابشاہ/ روہڑی(نامہ نگاران) اندرون سندھ مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کنگری کے کچے کے علاقے تھانہ فیض محمد بنڈو کی حدود میں واقع گاوں برڑہ میں درندہ صفت بیٹے احمد ناریجو نے معمولی بات پر کلہاڑی کے وار کرکے اپنے ہی باپ اعتبار ناریجو کو قتل کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے مقامی اسپتال منتقل کر دی دوسری جانب واقعہ کے بعد شہر میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ روہڑی سے نامہ نگار کے مطابق روہڑی کے نواحی علاقے صالح پٹ تھانے کی حدود نارا کینال سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی نارا کینال کے پانی میں بہتی لاش دیکھ کر مقامی افراد نے صالح پٹ پولیس کو اطلاع دی پولیس نے پہنچ کر لاش نارا کینال سے نکلوائی اس سلسلے میں صالح پٹ کے ایس ایچ اوعلاؤ الدین پھلپوٹو کاکہنا تھا کہ لاش کی ظاہری علامات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ پرانی ہے شناخت اورورثاء کے نہ آنے پر لاوارث قرار دیکر دفنا دیا جائے گا۔نواب شاہ سے نامہ نگار کے مطابق قاضی احمد کی مویشی منڈی میں بارش کے کھڑے پانی میں سے ایک نوجوان کی نعش پولیس نے برآمد کرکے مقامی اسپتال پہنچائی جہاں اس کی شناخت 19سالہ اقلیتی نوجوان کنہیا لال کے نام سے ہوئی ہے ،بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ شب نوجوان گھر سے حیدرآباد جانے کیلئے نکلا تھا کہ راستے ہی میں لاپتہ ہوگیا تھاجس کی نعش آج صبح بارش کے پانی کے جوہڑ سے برآمد ہوئی ہے پولیس کے مطابق واقعہ کی تفتیش جاری ہے جلد حقائق منظر عام پر لائے جائینگے۔