لاہور( خصوصی نامہ نگار)جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہاپاکستان اسلام کا دیس ہے۔ اس ملک میں اللہ اور اس کے رسول اللہؓ کی شریعت کا نفاذ ہما رے مسائل کا واحد حل ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ختم نبوت اور گستاخ صحابہ کرام کے گستاخوں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ قانون کے مطابق ان کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ نامو رسالت،ختم نبوت، اہل بیت عظام،صحابہ کرامؓ کا دفاع ہما رے ایمان کی اصل اساس ہے اور ہما ری زندگیوں کا نصب العین ہے۔ انتشار، نفرت، انتقام پرستی کی سیاست نے اس ملک کے وجود کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ آج ہما را معاشرہ بے راہ روی، خرافات، بیماریوں، مسائل کا شکار ہے تو اس کی بنیادی وجہ ہما ری اللہ اور ا س کے رسول کی اتباع، اطاعت و فرمانبرداری سے مکمل دوری ہے۔ پتوکی، سرگودھا، ڈسکہ، نارووال، لاہور جمعیت اہلحدیث کے ذمہ دران سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ہشام الٰہی ظہیر کا کہناتھا اسلامی ریاست میں لبرل، سیکولر ازم کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ جمعیت اہلحدیث ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہو نے دے گی۔
صحابہ کرامؓ کی جماعت رسول اللہ کے روشن ستاروں کی مانند ہیں۔ دین اسلام پر منکرین حدیث و منکرین قرآن کے حملے جا ری ہیں لیکن اللہ کے فضل و کرم سے ان باطل ادیان کا رد کرنے والے اہل توحید و اہل سنت کے فرزند ابھی زندہ ہیں۔اس موقع پر ان کےساتھ حاجی ریاض احمد،زاہدحسین،قاری شفیق ربانی،حافظ سہیل انجم،انعام الرحمن یزدانی،حافظ محمدحنیف بھی موجود تھے۔