لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری حسن کاظمی نے صوبائی عہدیداران بشمول علامہ سید حسین کاظمی، سید ذوالفقار حیدر نقوی، سید عمران نقوی سمیت عزاداران و بانیان کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزاداری حسین ؓبنیادی، آئینی و مذہبی حق ہے جس پر کوئی پابندی قبول نہیں کی جائے گی۔ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی تاسی میں سربراہ تحریک نفاذفقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے جو ضابطہ عزاداری جاری کیا ہے۔ وہ ملک میں امن و امان اور قومی یکجہتی و مذہبی ہم آہنگی کا ضامن ہے۔ ضابطہ عزاداری پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائےگا۔ یکم محرم الحرام تا8ربیع الاول امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یاد کے ایام ہیں جن میں کلمہ گویان اسلام و عاشقان رسول بلا تفریق مسلک و مکتب امام حسینؓ اور انکے جانثاروں اور پاکیزہ خانوادہ کو اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ محرم الحرام کی آمد پر مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی، صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔ مختلف اضلاع میں بانیان مجالس و جلوس کی جانب سے موصول ہونے والے عزاداری کے مسائل اور شکایات کا ذکر بھی کیا۔ حسن کاظمی نے کہا کہ راجہ ذوالفقار علی کی گرفتاری سرا سر غیر آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اقتصادی چیلنجز اور بیرونی خطرات سے دو چار ملک میں ایسے اقدامات کرنا عاقلانہ فیصلہ نہیں ہوگا،اندیشہ ہے کہ انتظامیہ کے غلط اقدامات کے باعث پیدا ہونے والے اشتعال و اضطراب کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائیگی۔