لاہور(نیوز رپورٹر)نگران صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے کہا ہے کہ انتظامیہ کے بروقت اقدامات سے بارش کے بعد لاہور کے بیشتر علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ہے اور چند ایک نشیبی علاقوں میں جمع بارش کا پانی نکالا جا رہا ہے۔ واسا اور دیگر محکموں کا عملہ شہر بھر میں نکاسی آب کا کام احسن انداز میں کر رہا ہے اور ایم ڈی واسا اور دیگر متعلقہ افسران فیلڈ میں نکاسی آب کی سرگرمیوں کا خود جائزہ لینے کے لئے موقع پر موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارش کے دوران لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کر کے بارش کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ نگران صوبائی وزیر ہاو¿سنگ اظفر علی ناصر نے بھی بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا اور صوبائی وزیر عامر میر کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزراءنے گارڈن ٹاون، جیل روڈ، ڈیوس روڈ ، لکشمی چوک، لوئر مال، فیروز پور روڈ، قذافی سٹیڈیم، کلمہ چوک اور دیگر علاقوں کا دورہ کر کے شدید بارش میں نکاسی آب کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو بارش کے پانی کو جلد از جلد نکالنے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ عامر میر نے کہا کہ اس دفعہ پنجاب میں بارشیں معمول سے بہت زیادہ ہوئی ہیں۔ اس لئے واسا، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو 24گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔