شرقپور +اسلام آباد +شیخوپورہ+ فیروز والا (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کی آمد آمد ہے اور الیکشن میں عوام جوفیصلہ کریں گے اس پر سر تسلیم خم کریں گے۔۔شہباز شریف نے کہا کہ بلاشبہ غریب آدمی مہنگائی کے ہاتھوں پٹ چکا ہے، میرا بس چلے تو راتوں رات مہنگائی ختم کردوں، لیکن یہ الہٰ دین کا چراغ نہیں، جادو ٹونے پھونکیں مارنے سے ختم نہیں ہوگا، مسلسل محنت سے ختم ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے شرقپور میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کوپاکستان کی ترقی وخوشحالی کا معمارکہتا ہوں ، پاکستانیوں! یاد رکھنا جس نے پاکستان کوایشین ٹائیگربنانےکا منصوبہ بنارکھا تھا، بدقسمتی سے ترقی وخوشحالی کا سفر2018میں ختم کردیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کےخلاف بہت بڑی سازش تھی، گزشتہ ساڑھے چارسال ضائع کردیئے گئے، اگر نواز شریف کی حکومت ہوتی توپاکستان ترقی کررہا ہوتا، گزشتہ حکومت میں ساری ترقی رک گئی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا تھا 90دن میں300ارب ڈالرلاو¿ں گا، اگر300ارب ڈالرآجاتے تو ہم آئی ایم ایف کی منتیں نہ کررہے ہوتے۔وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چور،ڈاکو کہتے رہے ایک دھیلا پاکستان نہیں آیا، القادریونیورسٹی 190ملین پاو¿نڈ کا سکینڈل ہے ، پاکستان کوتباہی کی طرف لیجایا گیا، برطانیہ کی حکومت نے کہا یہ پیسہ پاکستان کی عوام کا ہے، پچاس ارب پاکستان کے خزانے میں جانے کے بجائے سپریم کورٹ کےاکاو¿نٹ میں چلاگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم کی دولت کوگزشتہ چارسالوں میں لوٹا گیا، چینی، گندم کے سکینڈل میں پاکستان کے کھربوں لٹ گئے، یہ ہے وہ معاملات جن پرٹھنڈے دل سے سوچ کرالیکشن میں فیصلہ کرنا ہے، 2013سے 2018تک ہم نے خدمت کی، مشکل وقت میں سعودی عرب،متحدہ عرب امارات،چین چٹان کی طرح کھڑے رہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بعض اوقات رات کونیند نہیں آتی تھی کہیں پاکستان ڈیفالٹ نہ کرجائے، اللہ نے کرم کیا اورہمیں ڈیفالٹ سے بچایا ، اب یقین سے کہہ سکتا ہوں پاکستان درست سمت میں آچکا ہے، الیکشن کے بعد کس کوحکومت ملے گی اللہ کوپتا ہے، اگراللہ نے ہمیں موقع دیا توجان لڑادیں گے کھویا ہوا مقام ضروردلوائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب لیپ ٹاپ دیتا تو چیئرمین پی ٹی آئی مجھے رشوت دینے کا الزام لگاتا تھا، لیپ ٹاپ دیئے کسی بچے کوکلاشنکوف نہیں دی، اللہ نے موقع دیا توپورے پاکستان میں لیپ ٹاپ کا جال بچھادیں گے۔ وزیراعظم نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں غریب مہنگائی میں پس چکا ہے مگر مہنگائی جادو،ٹونوں سے نہیں مسلسل محنت سے ختم ہوگی، مہنگائی کا دورجلد ختم ہوگا۔وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے آئی ایم ایف کے پاس قیامت تک نہ جائیں، پاکستان عظیم ملک بنے گا ،مجھ سمیت جج،جرنیل،بیوروکریٹس سب کومحنت کرنا ہوگی، سڑکیں، پل، مدارس، ہسپتال تبھی بنیں گے جب قومی خزانے میں پیسہ ہوگا۔ان کاکہنا تھا کہ ہم نے معاشی بحالی کا پروگرام بنایا ہے،زرعی ترقی ہوگی توپاکستان بہت تیزی سے ترقی کرےگا۔ دن رات منتوں کے بعد آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا، دوست ممالک کے پاس جاتا ہوں تو ان کے سربراہان پرتپاک انداز میں ملتے ہیں، لیکن ان کے چہرے پر لکھا ہوتا ہے شہباز شریف آگئے ہو پھر ہم سے مانگنے، اس طرح کام نہیں چلے گا، ہم فیصلہ کرلیں اب عزت کی زندگی گزارنی ہے یا بھکاری کی۔ اللہ کا کرم ہے کہ ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، اب ملک اپنی سمت میں آگیا ہے۔ ہمیں حکومت ملی تو جان لڑادیں گے، خدا کرے دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس قیامت تک نہ جائیں، مجھ سمیت تمام اشرافیہ جج جرنیل بیوروکریٹس، پولیس و سرکاری افسران ہمیں عوام کو رستہ دکھانا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کے ہمراہ تحصیل شرقپور میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے پچاس ارب روپے کے میگا پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ ناظرلبانہ انٹر چینج پر افتتاحی تقریب سے خطاب، یہاں میں نے جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ان میں سے ایک منصوبہ جس پر تقریباً 35ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ وہ 19کلومیٹر بائی پاس کالا شاہ کاکو سے کراچی موٹر وے تک تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اسی طریقے سے موٹر وے سگیاں روڈ اور مین راوی پل تک کا توسیع منصوبہ ہے۔ تیسرا منصوبہ عبدالحکیم موٹر وے پر ایسان انٹر چینج کی تعمیر ہے۔ چوتھا منصوبہ قائداعظم یونیورسٹی کا کیمپس ہے۔ یہاں پر قائد اعظم یونیورسٹی کی تعمیر ہے۔ پانچواں منصوبہ سکاﺅٹ کالج کی تعمیر‘ چھٹا منصوبہ جس کی سنگ بنیاد ابھی نہیں رکھی۔ وہ منصوبہ انشاءاللہ بہت جلد شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو میٹرو بس کی انسپیکشن کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین رانا طاہر قبال ملک نوید محمود چوہان نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو قدرت نے لازوال تحفوں سے نوازا ہے۔ برف پوش پہاڑوں سے لے کر خوبصورت ساحل ان قدرتی تحفوں میں شامل ہیں۔ ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے ”سپت بیچ“ کی دل کو موہ لینے والی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی نظاروں سے ہم آہنگ ہونے والوں کےلئے یہ مقامات اہم حیثیت رکھتے ہیں۔ قدرت کے ان لامحدود تحفوں میں سے ایک تحفہ بلوچستان کا یہ منفردساحل ہے جو ایک حقیقی معجزہ ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر مواصلات اسد محمود، سردار محمد عرفان ڈوگرایم این اے چئیرمین نادرا سید اسد الرحمن گیلانی، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او شیخوپورہ ریجن بابر سرفراز الپا کمشنر لاہور چوہدری محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت، ایڈیشنل ایس پی فرحت عباس، ایس پی انوسٹی گیشن رانا غلام عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عثمان جلیس ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیدہ تہنیت بخاری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں محمد نذیر، اسسٹنٹ کمشنر میاں محمد جمیل، اسسٹنٹ کمشنر محترمہ لاریب اسلم چوہدری ایڈمن افیسر سید اظہر گیلانی، اسسٹنٹ کمشنر زینب طاہرہ، اسسٹنٹ کمشنر فاطمہ ارشد، اے ایس پی محمد رضا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی چوہدری علی احمد سیان، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری احسن عنایت سندھو، ڈی او ایف رانا اعجاز احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فیصل جاوید، ڈی او سول ڈیفنس چوہدری وقاراحمد ، پیر سید اشرف رسول، عارف خان سندھیلہ، چوہدری شہباز چھینہ، حاجی طارق محمود ڈوگر، چوہدری سرفراز چھینہ، خان جہانزیب خان، چوہدری محمد الیاس گجر، انچارج ریسکیو1122 انجنئیر رانا اعجاز احمد خان، کرنل مختار احمد، رانا محمد بابر ، چوہدری وسیم انجم سندھو، چوہدری محمد بشیر بھٹی، پنجاب پولیس افسران سمیت دیگر اعلی حکام موجود تھے۔ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ محمد نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیر اعظم نے آج ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا، محمد شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ 10سال پنجاب کے عوام کی لازوال خدمت کی۔ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود نے کہا کہ 2018ءکے بعد ملک میں ترقیاتی منصوبوں کو روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں دوست ممالک کا اعتماد ختم کیا گیا جس کو ہم نے بحال کیا۔ موجودہ حکومت میں این ایچ اے کے 51منصوبے شروع کیے گئے، آئندہ الیکشن میں ہم اپنی 14ماہ کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے۔
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی قوتیں اتحاد قائم کریں، اختلافات کو دفن کر کے ایک ہو جائیں تو پھر کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی، آئیں چارٹر آف اکانومی پر بات کریں، مل بیٹھیں اور پاکستان کا کھویا ہوا مقام حاصل کریں، صرف فیصلہ کرنا ہو گا ہم نے تقدیر بدلنی ہے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج بڑے عرصے بعد دانش سکول کے طلباءسے ملاقات ہوئی۔ ہاتھ میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی کنجی ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میں نے مخالفت کی پرواہ کئے بغیر دانش سکول بنائے۔ میں نے دانش سکول بنا کر گناہ کیا؟، میرا بس چلے تو پورے ملک میں دانش سکول بناو¿ں، دوست ممالک کے ہیرے بیچ کر دانش سکول بنائے جاتے تو سراہتا۔ قوم کو بے دردی سے دھوکا دیا گیا، دوسروں کو چور، ڈاکو کہہ کر ملک کو کنگال کر دیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ 190 ملین پاو¿نڈ فراڈ کے ذریعے سپریم کورٹ کے اکاو¿نٹ میں گئے۔ یہ رقم سرکاری خزانے میں جمع کر کے دانش سکولز بناتے تو سلام پیش کرتا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے مجھے کہیں پیچھے چھوڑ کر محسن نقوی سپیڈ سے کام کیا۔ دانش سکولوں کو ملک بھر میں پھیلانا ہو گا، اگر اللہ نے موقع دیا تو نواز شریف کی قیادت میں پورے پاکستان میں دانش سکولوں کا جال بچھا دوں گا۔ آج لاکھوں بچے لیپ ٹاپ کے ذریعے رزق حلال کما رہے ہیں۔ الزام تراشیاں، چور، ڈاکو کے بیانیے نے قوم کو تقسیم کر دیا۔ ہماری حکومت کو 15 ماہ ہو چکے، سیلاب، مہنگائی، آئی ایم ایف پروگرام سے لیکر ہر جگہ تقسیم دیکھی، معاشرے کی بدترین تقسیم نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو تباہ کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کوئی بھی حکومت آئے اور جائے چارٹر آف اکانومی پر کام ہونا چاہیے۔ آئی ایم ایف پروگرام ہماری مجبوری بن گیا تھا، اگر ڈیفالٹ کر جاتے تو بین الاقوامی دروازے بند ہو جاتے۔ ہم نے زراعت کے شعبے پر توجہ دینی ہے، سب سے پہلے مجھے اور پھر سب کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے۔ بھارت 1991ءکے بعد آج تک آئی ایم ایف کے پاس نہیں گیا۔ اس طرح کشکول نہیں ٹوٹے گا۔