لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے: کاہنہ‘ مبینہ ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل

Jul 23, 2023

لاہور‘ کاہنہ (نامہ نگاران) شہر میں ڈاکوؤں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعددشہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ کاہنہ میں مبینہ ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے مصطفی ٹائون کے علاقے میں جمیل اور اس کی فیملی کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر6 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کی نقدی و طلائی زیورات، ڈیفنس میں تنویر کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، برکی میں ندیم اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ 30 ہزار روپے مالیت کی نقدی و طلائی زیورات اور موبائل فون، شاہدرہ ٹاون میں عنصر سے 2 لاکھ 10 ہزار روپے اور موبائل فون، لاری اڈہ کے علاقے میں شکیل سے 3 لاکھ 20 ہزار روپے اور موبائل فون، غازی آباد میں خرم سے33 ہزار روپے اور موبائل فون، باٹا پور میں اختر سے 24ہزار روپے اور موبائل فون، مصطفی آباد میں احمد سے 12 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے گلشن اقبال، جوہر ٹاؤن اور جنوبی چھاؤنی کے علاقوں میں سے 3 کاریں، شاہدرہ ٹاؤن میں سے رکشہ جبکہ ماڈل ٹائون، چوہنگ، ساندہ، کاہنہ، اسلام پورہ، لوئرمال، شفیق آباد، غالب مارکیٹ اور غازی آباد کے علاقوں میں سے 9 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔تفصیلات کیمطابق گذشتہ شب کاہنہ کے اسلام پورہ گائوں کے قریب21 سالہ نوجوان عبدالغفار کوگولی مارکر زخمی کر دیا گیا جو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ ذرائع نے بتایاکہ مقتول کو ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا ہے جبکہ پولیس کے مطابق اسے نامعلوم افراد نے نامعلوم وجوہات پر فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔ مقامی پولیس نے نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے بھجوا دی۔

مزیدخبریں